انسان کو ایک مقام تک پہنچانے میں عورت کا اہم کردار ہوتا ہے، میراظہار حسین کھوسہ،

تربیت انسان کو معاشرے میں ایک اعلیٰ مقام تک پہنچاتی ہے، ماں کے قدموں میں جنت ہے ، عالمی یوم خواتین کے حوالے سے تقریب سے خطاب

منگل 31 مارچ 2015 23:04

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31مارچ۔2015ء )انسان کو ایک مقام تک پہنچانے میں عورت کا اہم کردار ہوتا ہے، عورت بچے کو پیدا کرتی ہے اس کی تربیت کرتی ہے اور یہی تربیت انسان کو معاشرے میں ایک اعلیٰ مقام تک پہنچاتی ہے اور اسی لئے ماں کے قدموں میں جنت یہ بات صوبائی وزیر خوراک و ترقی نسواں میراظہار حسین کھوسہ نے عالمی یوم خواتین کے حوالے سے منعقدہ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں ممبر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر شمع اسحاق، سیکریٹری وومن ڈویلپمنٹ حیدر علی شکوہ، ایڈیشنل سیکریٹری وومن ڈویلپمنٹ محترمہ سلمیٰ قریشی، مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین، بلوچستان میں خواتین کے حقوق کے لئے کام کرنے والی مختلف این جی اوز اور مختلف اسکول اور کالجز کی طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر خوراک وترقی نسواں نے کہا کہ ہرسال عالمی یوم خواتین اس لئے منایا جاتا ہے کہ ہمیں یہ معلوم ہونا چاہیئے کہ عورت کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔

یہ ہماری ماں، بہن بیٹی اور بیوی کی شکل میں قدرت کا ایک خوبصورت تحفہ ہے ہمیں ان کی قدر کرنی ہے ملک کی آبادی کا 52فیصد حصہ انہی پر مشتمل ہے۔ ہمیں عورتوں کے حقوق کا خیال رکھنا چاہئے۔ کسی بھی ملک کی ترقی میں اہم کردار عورت کا ہوا ہے لہٰذا ہمیں چاہیئے کہ ہم اپنی عورتوں کو زیادہ سے زیادہ دینی اور دنیاوی تعلیم سے آراستہ کریں۔ تاکہ وہ ہمارے صوبے اور ملک کا نام روشن کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری وومن ڈویلپمنٹ حیدرعلی شکوہ نے کہا کہ 8مارچ کو عورت کا عالمی دن منایا جاتا ہے لیکن ہم نے مختلف این جی اوز کے تعاون سے پورے مارچ کے مہینے کو عورتوں کے عالمی دن کی مناسبت سے منایا اور آج ہم اس کی اختتامی تقریب منارہے ہیں جس کا مقصد عورتوں کو ان کے حقوق کے بارے میں شعور وآگاہی دینی تھی۔ اختتامی تقریب میں مہمانان گرامی نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کردار ادا کرنے والی خواتین میں ایوارڈ اور مختلف این جی اوز میں تعریفی اسناد تقسیم کئے ۔