امریکی سفارتخانہ اسلامی یونیورسٹی میں لنکن کارنر کو توسیع دے گا

منگل 31 مارچ 2015 22:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31مارچ۔2015ء)اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی طرف سے دورکنی وفد نے ریکٹر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد پروفیسر ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی سے ملاقات کی. وفد میں افشاں عامر ڈائریکٹر کنٹری انفارمیشن ریسورس سینٹر (آئی آر سی) امریکی سفارتخانہ اسلام آباد اور مقصود احمد شاہین آئی آر سی کے پروگرام معاون پر مشتمل تھا۔

ریکٹر جامعہ نے ملاقات میں وفد کے ارکان سے سنٹرل لائبریری میں “لنکن کارنر” کی توسیع سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اپنے خیالات میں ڈاکٹر معصوم نے کہا کہ “لنکن کارنر” یونیورسٹی لائبریری کاایک مصروف ترین حصہ ہے جہاں سے بڑی تعداد میں طلباء اور اساتذہ مستفید ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر معصوم نے کہا یونیورسٹی میں طالب علموں اور اساتذہ کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے “ لنکن کارنر” کی توسیع کی اشد ضرورت ہے. ریکٹر جامعہ نے اپنی گفتگو میں یہ تجویزبھی دی کہ لنکن کارنر کو وسیع کر کے ایک سوشل سائنس لیبارٹری کا قیام عمل میں لایا جائے جس پر وفد نے اصولی اتفاق کیا۔

انہوں نے کہا کہ سوشل سائنس لیب وڈیو لنک سمیت تمام جدید سہولیات سے آرستہ ہو گی جو یونیورسٹی کے طلبا و طالبات کو دنیا بھر کے تعلیمی و تحقیقی گروپس کے ساتھ مختلف موضوعات پر مکالمہ اور تبادلہ خیال کی سہولت فراہم کرے گی۔ ان کا کہنا تھا اس سے یونیورسٹی کے ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلبا کو تھیسس اور تحقیقی مقالات کیلیے مواد میسر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کوشش میں، ہمارے سینئر لائبریرین شیر نوروزخان کی کوششیں بھی قابل ذکر ہیں افشاں عامرنے اسلامی یونیورسٹی کے ساتھ تعاون کو وسعت دینے کی ہر ممکن کوشش کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے اسلامی یونیورسٹی میں ایک علیحدہ لنکن کارنر مرکزقائم کرنے کی تجویز بھی دی.افشاں نے کہا کہ پاکستان میں 16 لنکن کارنرز قائم ہیں لیکن اسلامی یونیورسٹی میں لنکن کارنر کے حوالے سے طلبہ کا ردعمل کے انتہائی قابل ستائش ہے۔