یمن کے حالات پر حکومت نے احمقانہ بیان بازی کر کے وہاں مقیم پاکستانیوں کی زندگیوں کیلئے سنگین خطرات پیدا کر دیئے،رحیق عباسی،

عوامی تحریک ہر سطح پر بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لیگی،وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو بلدیاتی انتخابات میں اثر انداز نہ ہونے دیا جائے ، ہر رکن صوبائی اسمبلی کو 3کروڑ کی خصوصی گرانٹ پری پول رگنگ ہے،الیکشن کمیشن نوٹس لے‘ مرکزی صدر عوامی تحریک کا مشاورتی اجلاس سے خطاب

منگل 31 مارچ 2015 22:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31مارچ۔2015ء ) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ بد حواس حکمرانوں نے یمن کے حالات کے حوالے سے احمقانہ بیان بازی کر کے وہاں مقیم پاکستانیوں کی زندگیوں کیلئے سنگین خطرات پیدا کر دئیے۔حکومت پاکستان مسئلہ میں فریق بننے کی بجائے ثالث بنے اور امت مسلمہ اپنے جملہ مسائل او آئی سی کے پلیٹ فارم پر حل کرے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے 2 ہفتہ کے غیر ملکی دورہ کے بعد وطن واپس پہنچنے پر مرکزی سیکرٹریٹ میں عوامی تحریک کی مشاورتی کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔مشاورتی اجلاس میں بریگیڈئر(ر) اقبال احمد خان،شیخ زاہد فیاض،چوہدری شریف ،راضیہ نوید،ساجد بھٹی،شعیب طاہر ،عرفان یوسف،بشارت جسپال،راجہ زاہد و دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات بھی زیر بحث آئے۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ کنٹونمنٹ میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کرانے کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔ملک میں انتخابی پارلیمانی نظام جماعتی بنیادوں پر چل رہا ہے ،بلدیاتی ادار ے قومی سیاست کی نر سری کی حیثیت رکھتے ہیں ،چاروں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہی کرائے جائیں ۔انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کی بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے تیاریوں کا بھی جائزہ لیا اور اعلان کیا کہ پاکستان عوامی تحریک ہر سطح پر بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی ۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ صوبوں اور اضلاع کو ہم خیال سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات چیت اور بلدیاتی انتخابات میں تعاون کی حکمت عملی طے کرنے کا اختیار دے دیا گیا ہے ۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کیلئے 2013 کے جعلی انتخابات کے بعد بڑا چیلنج ہے کہ بلدیاتی انتخابات شفاف،غیر جانبدارانہ اور با اعتماد ہوں ۔وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو بلدیاتی انتخابات میں اثر انداز نہ ہونے دیا جائے ،ووٹر لسٹ ،حلقہ بندی اور پولنگ سکیم درست اور انتخابی حلقوں کی ضرورت پوری کرنیوالی بنائی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کے شیڈول کا اعلان ہوتے ہی پنجاب حکومت نے ہر رکن صوبائی اسمبلی کو 3کروڑ کی خصوصی گرانٹ جاری کر دی ہے جو پری پول رگنگ اور بلدیاتی انتخابات کے نتائج پر اثر انداز ہونے کی کوشش ہے ۔الیکشن کمیشن اس کا نوٹس لے ۔کنٹونمٹنٹ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے حتمی امیدواروں کے ناموں کا اعلان جلد کر دیا جائیگا۔