یمن کے معاملے پر پاک فوج حکومت کی پالیسی پرعمل کرے گی ، سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عالم خٹک ،

عدن میں پھنسے 500 پاکستانیوں کو چھوٹی کشتیوں کے ذریعے پاکستان نیوی کے جہاز تک لایا جائیگا ،پاکستان مختلف ممالک سے آب دوزیں کی خریداری کے لیے رابطے میں ہے ،جرمنی، برطانیہ اور فرانس سے استعمال شدہ آبدوزیں خریدنے کیلئے بھی بات چیت کی جارہی ہے ، حکومت نے چین سے 8 آبدوزیں خریدنے کی منظوری دے دی ہے ، وزارت دفاع نے پاک نیوی کی جنگی ضروریات پوری کرنے کیلئے 6 اے ٹی آر طیاروں کی خریداری کیلئے 294 ملین ڈالرکی فراہمی کی سمری قومی سلامتی کمیٹی کو بھجوا دی ، طیاروں کی خریداری کا حتمی فیصلہ کمیٹی کرے گی ، فرانس بھارت کو آبدوزیں دے رہا ہے ،پاکستان کو ٹیکنالوجی ٹرانسفر کے مسئلے کے باعث آبدوزیں دینے سے انکار کردیا ہے ، قائمہ کمیٹی برائے دفاع کو بریفنگ ، یوم پاکستان کی تقریب میں قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے اراکین کو مدعو نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار

منگل 31 مارچ 2015 22:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31مارچ۔2015ء) سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عالم خٹک نے کہاہے کہ یمن کے معاملے پر پاک فوج حکومت کی پالیسی پرعمل کرے گی  عدن میں پھنسے 500 پاکستانیوں کو چھوٹی کشتیوں کے ذریعے پاکستان نیوی کے جہاز تک لایا جائیگا پاکستان مختلف ممالک سے آب دوزیں کی خریداری کے لیے رابطے میں ہے جرمنی، برطانیہ اور فرانس سے استعمال شدہ آبدوزیں خریدنے کے لیے بھی بات چیت کی جارہی ہے  حکومت نے چین سے 8 آبدوزیں خریدنے کی منظوری دے دی ہے  وزارت دفاع نے پاک نیوی کی جنگی ضروریات پوری کرنے کیلئے 6 اے ٹی آر طیاروں کی خریداری کیلئے 294 ملین ڈالرکی فراہمی کی سمری قومی سلامتی کمیٹی کو بھجوا دی  طیاروں کی خریداری کا حتمی فیصلہ کمیٹی کرے گی  فرانس بھارت کو آبدوزیں دے رہا ہے پاکستان کو ٹیکنالوجی ٹرانسفر کے مسئلے کے باعث آبدوزیں دینے سے انکار کردیا ہے ۔

(جاری ہے)

منگل کو قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا اجلاس چیئرمین شیخ روحیل اصغر کی صدارت میں قومی اسمبلی کی پارلیمنٹ ہاوٴس میں ہوا۔اجلاس کے دوران سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عالم خٹک نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سعودی عرب فوج بھیجنے کے معاملے پرجو پالیسی حکومت کی ہوگی، فوج اس پر عمل کرے گی۔نیول حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ یمن میں محصور پاکستانیوں کی واپسی کے لیے نیوی کا ایک جہاز روانہ کیا جاچکا ہے، دوسرا بحری جہازبھی منگل کو روانہ ہوگا۔

نیول حکام کے مطابق عدن میں پھنسے 500 پاکستانیوں کو چھوٹی کشتیوں کے ذریعے پاکستان نیوی کے جہاز تک لایا جائے گا انہوں نے بتایا کہ ایک بحری جہاز وہاں پہنچنے میں 3 سے4 روز کا وقت لگتا ہے۔نیول حکام نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان مختلف ممالک سے آب دوزیں کی خریداری کے لیے رابطے میں ہے جب کہ اس سلسلے میں جرمنی، برطانیہ اور فرانس سے استعمال شدہ آبدوزیں خریدنے کے لیے بھی بات چیت کی جارہی ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت نے چین سے 8 آبدوزیں خریدنے کی منظوری دے دی ہے جب کہ وزارت دفاع نے پاک نیوی کی جنگی ضروریات پوری کرنے کے لیے 6 اے ٹی آر طیاروں کی خریداری کے لیے 294 ملین ڈالرکی فراہمی کی سمری قومی سلامتی کمیٹی کو بھجوا دی ہے اور طیاروں کی خریداری کا حتمی فیصلہ کمیٹی کرے گی۔نیول حکام نے مزید بتایا کہ فرانس نے پاکستان کو ٹیکنالوجی ٹرانسفر کے مسئلے کے باعث آبدوزیں دینے سے انکار کردیا ہ یجبکہ فرانس بھارت کو آبدوزیں دے رہا ہے۔

بتایا گیا کہ روس کے ساتھ پاکستان کے تعلقات بہتر ہو رہے ہیں اور جے ایف تھنڈر 17 سمیت چین سے ملنے والی ملٹری ٹیکنالوجی میں کوئی مسئلہ نہیں۔دوسری جانب 23 مارچ کو یوم پاکستان کی تقریب میں قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے اراکین کو مدعو نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ یوم پاکستان کی تقریب پر دفاع کی قائمہ کمیٹی کے اراکین کو مدعو نہ کرنا زیادتی ہے۔اراکین نے آئندہ اجلاس میں سیکرٹری کابینہ کو طلب کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔