دہشت گردی کے خلاف جنگ ملک کی بقاء سے وابستہ ہے، سیکرٹری اطلاعات و نشریات محمد اعظم ،

وزارت دہشتگردی کے واقعات کی کوریج کرنے والے عامل صحافیوں کی تربیت کیلئے ورکشاپس منعقد کرے گی، ورکشاپ سے خطاب

منگل 31 مارچ 2015 22:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31مارچ۔2015ء) سیکرٹری اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ محمد اعظم نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ملک کی بقاء سے وابستہ ہے  وزارت دہشت گردی کے واقعات کی کوریج کرنے والے عامل صحافیوں کی تربیت کیلئے ورکشاپس منعقد کرے گی۔ منگل کو میڈیا کی طرف سے دہشت گردی کے واقعات کی کوریج کے لئے ضوابط سے متعلق ایک ورکشاپ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزارت دہشت گردی کے واقعات کی کوریج کرنے والے عامل صحافیوں کی تربیت کیلئے ورکشاپس منعقد کرے گی۔

محمد اعظم نے کہا کہ جلد ہی ایک جامع تربیتی پروگرام کا آغاز کیا جائے گا اور آئندہ چھ ماہ کے دوران میڈیا کمیونٹی کے اندر ماسٹر ٹرینرز کو تربیت دی جائے گی اس مقصد کے لئے ڈویژنل سطحوں پر تربیتی ورکشاپس منعقد ہوں گی تاکہ دور دراز علاقوں کے صحافی فائدہ اٹھا سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بعد میں ماسٹر ٹرینرز اپنے متعلقہ اداروں میں اپنے ساتھیوں کو تربیت دیں گے۔

سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ جنگ زدہ علاقوں اور دہشت گردی کے واقعات کی کوریج کے لئے صحافیوں کی تربیت کے لئے بین الاقوامی تربیت کاروں کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا نے دہشت گردوں کے خلاف رائے عامہ کے قیام میں اہم کردار ادا کیا ہے اور اس حقیقت کے باوجود کہ بہت سے صحافی اپنی جانوں سے محروم ہوئے اور دیگر کئی صحافیوں کو دھمکیاں ملیں، میڈیا نے قوم کو اس لعنت کے خلاف متحد کیا۔ انہوں نے دہشت گردی کے واقعات کی کوریج کیلئے کوڈ کی تیاری کے سلسلے میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ کی کوششوں کی تعریف کی۔