کوئٹہ کی 18یونین کونسل میں تین روزہ انسداد پولیومہم شروع ہوگئی

منگل 31 مارچ 2015 22:26

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31مارچ۔2015ء ) صوبائی دارالحکومت کے 18یونین کونسل میں انسداد پولیوکی تین روزہ قومی مہم منگل کے روز شروع ہوگئی ہے ‘ مہم کودو مرحلے میں منعقد کیاجارہاہے جس کے تحت اگلے مرحلہ کا آغازچھ اپریل کو کیا جائے گا‘لورالائی میں سیکورٹی آپریشن کے باعث کیس رسپانس مہم ملتوی کردی گئی ہے‘ ایمرجنسی آپریشن سیل بلوچستان کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں چار لاکھ 85ہزار سے زائدبچوں کو پولیوکے قطرے پلائے جائیں گے مہم میں 982موبائل ٹیمیں‘ 94فیکسڈ ٹیمیں‘ 59ٹرانزٹ ‘ 35یونین کونسل انچارج اور181ایریا انچارج حصہ لے رہے ہیں‘ ایمرجنسی سیل کے مطابق منگل کے روز نو میں سے آٹھ اضلاع میں حال ہی میں ہونے والے پولیو وائرس کیس کے خلاف مہم کا آغاز کردیاگیا‘ لورالائی میں کیس رسپانس مہم سیکورٹی آپریشن کے باعث ملتوی کردی گئی ہے جبکہ بارکھان ‘ہرنائی‘ قلعہ سیفاللہ‘ کوہلو ‘ ژوب‘ زیارت ‘ موسی خیل اور شیرانی میں انسداد پولیو مہم شروع کردی گئی ہے ‘ کوئٹہ میں انسداد پولیو مہم مزید دودن جاری رہے گی ‘ خروٹ آباد کے چند علاقوں میں سیکورٹی اہلکاروں کی عدم دستیابی کے باعث مہم تاخیر کا شکار رہی ہے ۔

(جاری ہے)

اس سے قبل کوئٹہ میں انسداد پولیوکی قومی مہم کو ملتوی کردیاگیا تھا جس کی وجہ سیکورٹی کی عدم فراہمی تھی ۔