بلدیہ شرقی میں کچرے و ملبے سے بھرے پوائنٹس کو ہنگامی بنیاد پر صاف کرنے کا پلان بن گیا،

صفائی و ستھرائی اور ترقیاتی کاموں کیلئے بلدیہ شرقی کی تمام فورس کو استعمال کیا جائیگا، عملدرآمد کا آغاز چند روز میں شروع ہوگا، ایڈمنسٹریٹر سید صلاح الدین احمد

منگل 31 مارچ 2015 22:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31مارچ۔2015ء)بلدیہ شرقی میں کچرے وملبے سے بھرے پوائنٹس کوہنگامی بنیادپرصاف کرنے کاپلان بن گیا ہے ،صفائی و ستھرائی اور ترقیاتی کاموں کیلئے بلدیہ شرقی کی تمام فورس کو استعمال کیا جائیگا اس سلسلے میں عملدرآمد کا آغاز چند روز میں شروع ہوگا، یہ بات ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی سید صلاح الدین احمد نے بلدیہ شرقی کے افسران کے ہمراہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔

تفصیلات کے مطابق اجلاس میں تمام محکمہ جاتی افسران موجود تھے، مزید براں ایڈمنسٹریٹر نے عوام میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے آگاہی کی مہم کو تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں اس موقع پرانہوں نے عوام سے بھی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ گھرکے باہر کچرا پھینکنے سے گریز کریں اور کچرا تھیلیوں میں بند کرکے مقررہ جگہ پر رکھیں انہوں نے کہا کہ عوام کے تعاون کے بغیر شہر کی صفائی اور صحت مند ماحول کا قیام ممکن نہیں لہذا عوام بھی اچھے شہری ہونے کا فرض نبھاتے ہوئے بلدیاتی اداروں کے ساتھ مل کر شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔

(جاری ہے)

بعداز اں ایڈمنسٹریٹر نے دیگر افسران کے ہمراہ مسجد امام ابن تیمیہ کا دورہ کیا اور مسجد میں صفائی ستھرائی کے امور کا تفصیلی معائنہ کیا اس موقع پر مسجد انتظامیہ نے بلدیہ شرقی کی کاوشوں کو سراہا اور ایڈمنسٹریٹر کا شکریہ ادا کیا،ایڈمنسٹریٹر نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صا ف ستھرے اور صحتمند ماحول کے قیام کیلئے ہر ممکن کو شش کررہے ہیں اور جلد ہی اس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔اس موقع پرسپریٹینڈنگ انجینئر فضل محمود گل ، ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ نفیس احمدخان اور دیگر افسران موجودتھے ۔