تمام مذاہب کے دانشور علماء ومشائخ مل کر مذہبی ہم آہنگی کے لئے جدوجہد کریں، اسلامی یکجہتی کونسل

منگل 31 مارچ 2015 22:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31مارچ۔2015ء)اسلامی یکجہتی کونسل اور ادارہ امن وتعلیم کے زیرسرپرستی بین المذاہب ہم آہنگی تربیتی ورکشاپ جامعہ ستاریہ میں خطاب کرتے ہوئے عالمی دانشور ڈاکٹر اظہر حسین نے کہا کہ تمام مذاہب کے دانشور ، علماء ومشائخ مکمل مذہبی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے لئے مل کر جدوجہد کریں ۔ ورکشاپ سے علامہ عبدالخالق فریدی، مفتی عبدالقادر جعفر، علامہ قاری سجاد تنولی ، مائیکل جاوید ،پاسٹر رفاقت مسیح ،پیر عطاء اللہ نقشبندی ،علامہ علی کرار نقوی، مولانا نورالرحمان، ڈاکٹر راج للوانی، مولانا عبدالحی عابد، مولانا نعیم احمد، مولانا غلام مصطفی فاروقی ودیگر نے بھی خطا ب کیا۔

علامہ عبدالخالق فریدی نے کہا کہ مڈل ایسٹ جھگڑا صرف پاور گیم ہے مگر عالمی سامراج ایسے ہی مسلمانوں کو بدنام کرنے کے لئے سنی شیعہ جنگ میں تقسیم کررہا ہے ۔

(جاری ہے)

مفتی عبدالقادر جعفرنے کہا کہ تمام مذاہب ومسالک کے لوگ یک جان ہیں اور کوئی طاقت ان میں تفرقہ ڈالنے میں کامیاب نہیں ہوسکتی۔ قاری سجاد تنولی نے کہاکہ تمام مذاہب کے دانشور اپنے اتحاد سے سازشی قوتوں کو شکست دیں گے۔ علامہ علی کرار نقوی نے کہاکہ تمام مذاہب کے عوام سازشی عناصر کو پہنچانیں اور اتحاد بین المسلمین کوششیں جاری وساری رکھیں۔ آخر میں نشست کا اختتام شیخ الحدیث پیر عطاء اللہ نقشبندی کی دعا کے سا تھ ہوا ۔