سعودی عرب عالم اسلام کا روحانی مرکز ہے، جس کی حفاظت مسلمان اپنا فرض سمجھتے ہیں،ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی،

مسلم ملکوں میں بغاوتوں کو ہوا دے کر قتل و غارت کی راہ ہموار کرنا عالم کفر کا وتیرہ رہا ہے،تحفظ حرمین شریفین مارچ سے خطاب

منگل 31 مارچ 2015 21:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31مارچ۔2015ء) جماعة الدعوة کراچی کے تحت تحفظ حرمین شریفین مارچ سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے امیر جماعة الدعوة کراچی ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ سعودی عرب عالم اسلام کا روحانی مرکز ہے، جس کی حفاظت مسلمان اپنا فرض سمجھتے ہیں۔ مسلم ملکوں میں بغاوتوں کو ہوا دے کر قتل و غارت کی راہ ہموار کرنا عالم کفر کا وتیرہ رہا ہے۔

مسلمانوں کی صفوں میں فرقہ پرستی اور گروہ بندی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے، مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی قوم ان کے لیے اپنا سب کچھ قربان کرنے کو تیار ہیں۔ نواز شریف اسلام آباد میں مسلم سربراہان کو اکھٹا کرکے واضح لائحہ عمل ترتیب دے، پورا عالم اسلام آپ کے شانہ بشانہ کھڑا ہوگا۔

(جاری ہے)

موتمر العالم الاسلامی کے سامنے سعودی عرب سے اظہار یکجہتی کے لیے منعقدہ پروگرام سے تحریک اہلحدیث کے سربراہ شیخ یونس صدیقی، جمعیت علمائے اسلام (س) کے رہنما احمد یار خان، مرکزی جمعیت اہلحدیث کراچی کے امیر افضل سردار، جماعة الدعوة کے رہنما حافظ محمد امجد و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر سعودی عرب سے اظہار یکجہتی کے لیے موتمر العالم اسلامی کے سامنے انسانی ہاتھوں کی طویل زنجیر بھی بنائی گئی۔ مارچ کے شرکاء نے تحفظ حرمین شریفین کے لیے بلا دریغ ہر قسم کی قربانی دینے کا عزم کیا۔ مارچ کے آغاز سے ہی یونیورسٹی روڈ سعودی عرب سے رشتہ کیا؟ لاالا الااللہ کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔ مارچ کے شرکاء نے سرزمین حرمین شریفین سے اظہار محبت کے لیے مختلف جملوں پر مبنی پلے کارڈز، کتبے اور بینرز بھی ہاتھوں میں اٹھا رکھے تھے۔

امیر جماعة الدعوة کراچی ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام کے مسلمانوں کو فرقہ واریت کی آگ میں جھونک کر کفریہ طاقتیں اپنے عزائم کی تکمیل کے لیے کوشاں ہیں۔ مشرق وسطی میں سیاسی تحریکوں برپا کرکے انہیں عسکری تحریکوں میں بدل دیا گیا۔ مسلم ملکوں میں قتل و غارت کے ذریعے انتشار برپا کرنا اسلام دشمنوں کی درینہ خواہش ہے۔

موجودہ حالات میں عالم اسلام کے مسلمانوں کے لیے اتحاد کی ضرورت پہلے سے بڑھ کر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے ہمارا ساتھ دیا، اب اس موقع پر پاکستان کا سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہونا دینی و اخلاقی فرض بنتا ہے۔ مسلم حکومتیں مل کر بغاوتوں کا قلع قمع کریں۔ ہمارے اتحاد سے ہی عالم اسلام کے مسائل حل ہوں گے۔

تحریک اہلحدیث کے سربراہ شیخ یونس صدیقی نے کہا کہ سعودی عرب اپنے دفاع میں حق بجانب ہے۔ یمن میں باغیوں کے عزائم خطرناک ہے، مسلم حکمرانوں کو مل کر اس کا سدباب کرنا ہوگا۔ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان نے ثابت کردیا کہ پاکستان کی فوج عالم اسلام کی فوج ہے۔ سعودی عرب کے پاکستان پر بڑے احسانات ہیں، اگر آج سعودی عرب پر خطرات منڈلا رہے ہیں، تو پاکستان آگے بڑھ کر اپنا فریضہ سرانجام دے۔

جمعیت علمائے اسلام (س) کے رہنما احمد یار خان نے کہا کہ سرزمین حرمین شریفین کا دفاع تمام عالم اسلام کا مسئلہ ہے، پوری امہ کو مل کر سعودی عرب کے دفاع کے لیے قربانی پیش کرنی ہوگی۔ ہم پڑوسیوں کے حقوق کا خیال رکھنا جانتے ہیں، لیکن سرزمین حرمین کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں کریں گے۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث کراچی کے امیر افضل سردار نے کہا کہ مسلمانوں کو آپس میں لڑاکر عالم کفر اپنے مقاصد کی تکمیل چاہتا ہے۔ مسلمانوں کے روحانی مرکز کے گرد گھیرا تنگ کرنے والے ناکام و نامراد رہیں گے۔ ہم حکومت پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پاکستان کا ہر نوجوان سرزمین حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے کٹ مرنے کو تیار ہے۔

متعلقہ عنوان :