تمام پیرامیڈیکل ملازمین اپنی اپنی ڈیوٹیاں پابندی وقت کے ساتھ ادا کریں ،ڈاکٹر رفیق الحسن کھوکھر

منگل 31 مارچ 2015 21:35

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31مارچ۔2015ء)پاکستان پیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر ممتاز علی جتوئی، ضلعی صدر نظیر احمد جتوئی، یونٹ صدر نظیر احمد لغاری، جنرل سیکریٹری اعجاز علی مہر سمیت 20 رکنی وفد نے ایم ایس لیاقت یونیورسٹی ہسپتال حیدرآباد جامشورو ڈاکٹر رفیق الحسن کھوکھر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور دس نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا جس پر ایم ایس نے کہا کہ ان مسائل میں سے کچھ مسائل تو وہ پہلے ہی حل کر چکے ہیں جبکہ باقی چند مسائل حل کے مراحل میں ہیں اور یہ جلد حل ہو جائیں گے، وفد نے ایم ایس ڈاکٹر رفیق الحسن کھوکھر کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے مشترکہ طور پر ادارے کی فلاح و بہبود کے لئے دن رات کام کرنے پر اتفاق کیا، ایم ایس ڈاکٹر رفیق الحسن کھوکھر نے وفد کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام پیرامیڈیکل ملازمین اپنی اپنی ڈیوٹیاں پابندی وقت کے ساتھ ادا کریں اور ہسپتال کی صفائی ستھرائی اور مریضوں کی فلاح و بہبود کے لئے دن رات کام کریں مریضوں سے شائستگی سے پیش آئیں اور انہیں خوراک مہیار کرنے کا خیال رکھیں تاکہ ہماری دنیاوآخرت سنور سکے، میرے آفس کے دروازے تمام ڈاکٹروں پیرامیڈیکل اور نرسنگ اسٹاف سمیت مریضوں کے لئے 24 گھنٹے کھلے ہیں۔