4اپریل کوذوالفقار علی بھٹو شہید کی 36ویں برسی پر مختلف سیمینار، قرآن خوانی اور دیگر پروگرام منعقد کئے جائیں گے، وقار مہدی

منگل 31 مارچ 2015 21:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31مارچ۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی کے چھ اضلاع کے سیکریٹری اطلاعات کا ایک اہم اجلاس پی پی پی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات وقار مہدی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں لطیف مغل، منظور عباس، ذوالفقار قائم خانی، میر عباس تالپور، آصف خان، علی شاد، افضال احمد، شہباز اختر اور ملک یوسف نے شرکت کی۔

اجلاس میں 4اپریل کو پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو شہید کی 36ویں برسی کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ برسی کے موقع پر شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مختلف سیمینار، قرآن خوانی اور دیگر پروگرام منعقد کئے جائیں گے تاکہ آج کی نسل کو شہید بھٹو کے ان کارناموں سے آگاہ کیا جاسکے جو انہوں نے ملک و قوم اور جمہوریت کیلئے انجام دیئے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کی طرف سے ایک وال پوسٹر کا بھی اجرا کیا گیا ہے اور پینا فلیکس، بینرز، اسٹیکرز اور پارٹی کے جھنڈے بھی لگائے جائیں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 4اپریل کو گڑھی خدا بخش بھٹو لاڑکانہ میں ہونے والی مرکزی تقریب میں بھرپور شرکت کی جائے گی اور کراچی کے چھ اضلاع سے 2اور 3اپریل کو قافلے روانہ ہونگے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وقار مہدی نے بتایا کہ برسی کا پروگرام 4اپریل کی صبح11بجے شروع ہوگا پہلے قرآن خوانی ہوگی بعد میں مشاعرہ ہوگا اور 4بجے جلسہ جس سے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما خطاب کرینگے۔

متعلقہ عنوان :