Live Updates

وزیراعلیٰ سے فاٹا کے سینیٹرز اور ارکان قومی اسمبلی کے وفدکی ملاقات،شہبازشریف کی فاٹا سے منتخب ہونیوالے سینیٹرز کو مبارکباد،

شمالی وزیرستان کے بے گھر ہونیوالے بہن بھائیوں نے ملک وقوم کیلئے اپنا گھر بار چھوڑا،انکی گھروں میں واپسی خوش آئندہے، پنجاب حکومت نے آئی ڈی پیز کی بھر پور مدد کی، ملک کے ا من کیلئے قربانی دینے والوں کی مدد ہمارا قومی فریضہ ہے‘ شہباز شریف

منگل 31 مارچ 2015 21:22

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31مارچ۔2015ء) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے فاٹا سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز اور ارکان قومی اسمبلی کے نمائندہ وفدنے ایم این اے الحاج شاہ جی گل آفریدی کی قیادت میں ملاقات کی۔ملاقات کرنے والوں میں سینیٹرز تاج محمد آفریدی، اورنگ زیب خان، مومن خان، سجاد حسین طوری، اراکین قومی اسمبلی ڈاکٹر جی جی جمال، ناصر خان،حاجی بسم اللہ خان،ساجد حسین طوری اوربلال الرحمن شامل تھے۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے فاٹا سے منتخب ہونے والے نئے سینیٹرز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ الله تعالیٰ نے آپ کو ملک وقوم کی خدمت کا موقع دیاہے اور آپ خدمت خلق اور ملک کی تعمیر و ترقی میں بھر پور کردار ادا کریں گے۔وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شمالی وزیرستان کے بے گھر ہونیوالے بہن بھائیوں نے ملک وقوم کے لئے اپنا گھر بار چھوڑا او رمصائب و مشکلات برداشت کیں،ان کی قربانیوں سے انشاء الله ملک میں امن وامان قائم ہوگا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئی ڈی پیز کی اپنے گھروں میں واپسی خوش آئند ہے، پنجاب حکومت نے بھی آئی ڈی پیز کی بھر پور مدد کی ہے اور وطن عزیز کے ا من کے لئے قربانی دینے والوں کی مدد ہمارا قومی فریضہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی بہادر افواج” آپریشن ضرب عضب“ میں شاندار کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔ افواج پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہادری کی نئی تاریخ رقم کر رہی ہیں، دہشت گردوں اورانتہاء پسندوں کے لئے زمین تنگ کر دی گئی ہے،انہیں کہیں پناہ نہیں ملے گی ۔

پاک وطن میں دہشت گردوں او را ن کے سہولت کاروں کو سر چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔ملک میں امن کے لئے فوج نے لازوال قربانیاں دی ہیں،یہ وقت اتحاد اور اتفاق کا ہے ۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردی وانتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے بندوق کی گولی کے ساتھ تعلیم، صحت او رروزگار کی گولیاں بھی ضروری ہیں ۔ملک میں پر امن معاشرے کے قیام کے لئے برداشت رواداری او ربھائی چارے کو فروغ دینا ہوگا ۔دہشت گردی ،انتہاء پسندی اورفرقہ واریت نے ملک کا بے پناہ نقصان کیا ہے۔دہشت گردی کو جڑسے اکھاڑ پھینکنے کا وقت آگیاہے ،انشاء الله نئی نسل کو پر امن اور محفوظ پاکستان دینے کا وعدہ پورا کریں گے ۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات