صلیبیوں و یہودیوں کی حرمین الشریفین کیخلاف سازشوں سے پوری امت کو آگاہ کریں گے‘ پروفیسر حافظ محمد سعید،

سعودی عرب مسلمانوں کا روحانی اور پاکستان دفاعی مرکز ہے، حرمین الشریفین کا تحفظ اپنا دینی فریضہ سمجھ کر اداکریں گے، پاکستان کا ڈرون اور کروز میزائل امریکہ سے بہتر ہے، پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیادوں پر حاصل کیا گیا نظریاتی ملک ہے‘ امیر جماعة الدعوة

منگل 31 مارچ 2015 21:22

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31مارچ۔2015ء) جماعةالدعوة پاکستان کے سربراہ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ صلیبیوں و یہودیوں کی حرمین الشریفین کیخلاف سازشوں سے پوری امت کو آگاہ کریں گے،سعودی عرب مسلمانوں کا روحانی اور پاکستان دفاعی مرکز ہے، حرمین الشریفین کا تحفظ اپنا دینی فریضہ سمجھ کر اداکریں گے، پاکستان کا ڈرون اور کروز میزائل امریکہ سے بہتر ہے، پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیادوں پر حاصل کیا گیا نظریاتی ملک ہے‘ بیرونی قوتیں اسکی جڑوں کو کھوکھلا کرنا چاہتی ہیں قوم یہ سازشیں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

اوکاڑہ ڈسٹرکٹ بار کے زیر اہتمام ”احیائے نظریہ پاکستان ہی بقائے پاکستان ہے“ کے عنوان سے ہونے والے سیمینار سے صدر ڈسٹرکٹ بار اوکاڑہ چوہدری اسلم جاوید، سیکرٹری جنرل ڈسٹرکٹ بار راؤ عابد مشتاق، محمد اعظم چوہدری اور جماعةالدعوة اوکاڑہ کے ناظم ابو احسان و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینکڑوں وکلاء موجود تھے۔ امیر جماعةالدعوة حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ سعودی عرب اور یمن کے درمیان موجودہ صورتحال ایک خوفناک سازش کا پتہ دیتی ہے۔

اس سازش میں درحقیقت صلیبی، یہودی اور امریکی سبھی شامل ہیں جو بنیادی طور پر پورے عالم اسلام کو ان کے اندرونی مسائل میں الجھانے کی خوفناک منصوبہ بندی کر رہے ہیں ۔ جس طرح انہوں نے پاکستان کے اندر جنگ چھیڑی اور مسلمان کو مسلمان کے خلاف کھڑا کیا۔ مشرق وسطیٰ میں داعش کا فتنہ پروان چڑھایا جو شام اور عراق میں مسلمانوں کا قتل عام کر رہے ہیں بالکل اسی انداز میں یمن میں حوثی باغیوں کو مضبوط کیا گیا تاکہ وہ ایک بڑی قوت بن کر سعودی عرب کیلئے خطرہ بن جائیں۔

انہوں نے کہاکہ حقیقت میں یمن کے باغیوں کا اصل ہدف سعودی عرب ہے۔ حوثی باغیوں کی سیاسی اور فوجی اعتبار سے مدد کی جارہی ہے۔سب ملکوں کو اصل حقائق کو سمجھنا چاہیے کہ یہودی و صلیبی کیا کھیل کھیل رہے ہیں اور کسی کو ان سازشوں کا حصہ نہیں بننا چاہیے بلکہ عالم اسلام کے ساتھ مل کر سرزمین الحرمین الشریفین کے تحفظ کا فریضہ سرانجام دینا چاہیے۔

عرب لیگ اور عالم اسلام کی سطح پر سب مسلمانوں اور مسلمانوں کی حکومتوں کا ایک ہی نقطہ نظر ہے ۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ سعودی عرب اور یمن کی موجودہ صورتحال بہت تشویشناک ہے۔ جماعةالدعوة اس حوالہ سے یہ موقف رکھتی ہے کہ ہم نے سعودی عرب اور حرمین الشریفین کا تحفظ دینی فریضہ سمجھتے ہوئے ایمان کی بنیاد پر کرنا ہے اور اس کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائے گا۔

سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس سازش سے پوری دنیا میں امت مسلمہ کو آگاہ کیا جائے۔ ان شاء اللہ ہم یہ کام کریں گے اور امت کو جوڑنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہاکہ دشمنان اسلام کی پوری کوشش ہے کہ پاکستان کو نظریاتی اور فکری طور پر زیادہ سے زیادہ نقصان پہنچایا جائے۔ جب پاکستان بنا تھا تو پوری قوم پاکستان کا مطلب کیا‘ لاالہ الااللہ کے نعرہ پر متحد ہوئی اور کمزور پاکستان ایک طاقتور ملک کے طور پر دنیا کے سامنے آیا۔

اسوقت جب وطن عزیز پاکستان سنگین مسائل سے دوچار ہے، لوگوں میں شدید مایوسی و بے چینی پائی جاتی ہے اور مسائل کا کوئی حل نظر نہیں آرہا۔ جب تک ہم پاکستان کے اْسی بنیادی نظریہ پر ایک بار پھر سے عمل پیرا نہیں ہوں گے ملک کو درپیش مسائل کا حل ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی قوتیں منظم ہو کر تخریب کاری اور دہشت گردی کے ذریعہ مایوسیاں پھیلا رہی ہیں۔

ہمیں باہمی اختلافات ختم کرکے قیام پاکستان کے جذبے پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ دوقومی نظریہ پاکستان کی اساس ہے،اس پر عمل کئے بغیر ملک کو درپیش مسائل کا حل ممکن نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ فرقہ واریت امت مسلمہ کیلئے زہر قاتل ہے۔ اللہ کے دشمن منظم سازشوں کے تحت مسلمانوں کو آپس میں دست و گریباں کررہے ہیں۔سیمینار سے ڈسٹرکٹ بار اوکاڑہ کے صدر چوہدری اسلم جاوید، سیکرٹری جنرل ڈسٹرکٹ بار راؤ عابد مشتاق اور جماعةالدعوة اوکاڑہ کے ناظم ابو احسان و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد سعید کا ڈسٹرکٹ بار آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ تحفظ نظریہ پاکستان کی تحریک میں وکلاء ان شاء اللہ ہراول دستہ کا کردار ادا کریں گے۔