یمن کے مسئلے پراسلامی ممالک کا سر براہی اجلاس بلا کر فوری طور پر اس کا حل تلاش کیا جائے‘ سید وسیم اختر ،

دیانتدار اور اچھی شہرت کے حامل افراد کوجماعت اسلامی میں شامل کیاجائے گا‘ امیر جماعت اسلامی کا خطاب

منگل 31 مارچ 2015 21:04

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31مارچ۔2015ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب و پارلیمانی لیڈر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اخترنے کہا ہے کہ جماعت اسلامی دیانت دار اور معا شرے میں اچھی شہرت کے حامل افراد کو جماعت اسلامی میں شامل کرنے کے لئے 3/اپریل تا15/اپریل تک ملک بھر میں رابطہ عوام مہم چلائے گی،جماعت اسلامی کے ذمہ داران اور کارکنان شہروں، دیہاتوں، گاوٴں اور بستی بستی جا کر عوام کو جماعت اسلامی کا ممبر اور ووٹر بنائیں گے، عام آدمی جماعت اسلامی کا ممبر بن کر ہر سطح کی ذمہ داریوں تک پہنچ سکتا ہے، 12 روزہ رابطہ عوام کے دوران ملک بھر میں ایک کروڑ افراد کو جماعت کا ممبر بنائیں گے، پنجاب میں 50 لاکھ لوگوں کو ممبر بنائیں گے ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگواور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اقلیتوں پر مشتمل پاکستانی برادری، ہندو ، سکھ اور عیسائیوں کو بھی جماعت اسلامی کا کارکن بنایا جائے گا۔ تاکہ68 سالوں سے ملکی اقتدار پر قابض ظالم اور کرپٹ اشرافیہ سے عوام کو نجات دلائی جا سکے۔ جماعت اسلامی آئندہ بلدیاتی اور قومی انتخابات میں ایک بڑی عوامی قوت بن کر سامنے آئیگی۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں رابطہ عوام مہم کی تیاریاں اور انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اس دعوتی مہم کے دوران موٴثر افراد سے خصوصی ملاقاتیں کی جائیں گی۔ہمارا سلوگن ”اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان “ہے ۔ جماعت اسلامی کی محب وطن ،بے داغ قیادت ہی ملک کو درپیش مسائل و چیلنجز سے نجات دلا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سطح پر خواتین کے نظم سے رابطہ کر کے اس مہم میں پوری طرح شامل کیا جائے گا۔

جماعت اسلامی نے عوام اور بالخصوص نو جوانوں کے لئے اپنے دروازے کھول دئیے ہیں۔ امن ،خوشحالی، کرپشن کا خاتمہ ،سستا ا ور فوری انصاف ،تعلیم ، صحت کی سہولیات ہر ایک کا حق ہے۔حکمران عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے اور ریلیف دینے میں ناکام رہے ہیں ۔عوام جماعت اسلامی ہی کو اپنا نجات دہندہ سمجھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ گندم کی فصل تیار ہو کر مارکیٹ میں آ گئی ہے مگر حکومت ابھی تک اس حوالے سے کوئی پالیسی واضع نہیں کر سکی۔

انہوں نے کہا کہ کسانوں کو آڑھتیوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیاہے۔ جو غریب کسانوں کے ساتھ سراسر ظلم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سرکاری ریٹ کے مطابق گندم کا ایک ایک دانہ خریدنے کو یقینی بنائے ۔ خریداری آسان اور کرپشن سے پاک ہونی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ شوگر ملز مالکان نے گنے کے کاشتکاروں کا پیسہ دبا رکھا ہے ۔ حکومت شوگر ملز مالکان سے کسانوں کو ادائیگی کروائے۔

انہوں نے کہا کہ یمن میں جاری بحران پر جماعت اسلامی کا موٴقف واضع ہے کہ ہمیں اس صورتحال سے علیحدہ نہیں رہنا چاہئے۔ قرآن میں اللہ کا حکم ہے کہ اگر دو مسلمانوں کے درمیان جھگڑا ہو جائے تو صلح کراوٴ۔ ظالم کے خلاف مظلوم کا ساتھ دو۔ اسلامی ممالک کا سر براہی اجلاس بلا کر فوری طور پر اس کا حل تلاش کیا جائے۔ سعودی عرب عالم اسلام کا روحانی مرکز اور دنیا بھر کے مسلمانوں کا قبلہ اول ہے جس کی سلامتی کیلئے ہر فرد فکر مند ہے۔ترکی اور پاکستان مل کر جنگ کے منڈلاتے بادلوں کو ختم کرنے کی کوشش کریں۔ حرمین شریفین کے تقدس کی حفاظت ہر مسلمان پر فرض ہے۔

متعلقہ عنوان :