پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ مستحکم سے مثبت ہو گئی ہے ،سینیٹر اسحاق ڈار،

مکانات کی تعمیر میں تیزی لانے کی غرض سے ہاؤسنگ مارٹگیج ری فنانس کمپنی قائم کی جا رہی ہے،وفاقی وزیر خزانہ کی چیئرمین آباد سے گفتگو

منگل 31 مارچ 2015 20:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31مارچ۔2015ء) وفاقی وزیر خزانہ اسحا ق ڈار نے کہا ہے کہ زرمبادلہ کے زخائر میں اضافے سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ مستحکم سے مثبت ہو گئی ہے جس کے نتیجے میں ملک میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا ۔یہ بات انہوں نے چیئرمین آباد جنید اشرف تالو سے FPCCI میں ملاقات کے دوران کہی وزیر خزانہ نے کہا کہ تعمیراتی صنعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ۔

حکومت نئے گیس کنکشنز سمیت تعمیراتی صنعت کے مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ مکانات کی تعمیر میں تیزی لانے کی غرض سے ہاؤسنگ مارٹگیج ری فنانس کمپنی قائم کی جا رہی ہے جس کے ذریعہ خطیر مالیت کے قرضے جا ری کئے جائیں گے ۔ قرضوں کی بنیادی شرح سود 8فیصد کی کم سطح پر آنے سے ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں آباد کے چیئرمین جنید اشرف تالو نے اسحاق ڈار کو تعمیراتی صنعت کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا ۔

جنید اشرف تالو نے کہا کہ کراچی ملک کے مجموعی ٹیکس ریوینیو کا 67 فیصد ادا کرتا ہے جس میں بلڈرز کمیونٹی کا کردار نمایاں ہے ۔ تعمیراتی صنعت بڑے پیمانے پر روزگار فراہم کر تی ہے لہٰذا حکومت کو اسے ترغیبات اور مراعات فراہم کر نی چاہئیں ۔ انہوں نے کہا کہ کثیرالمنزلہ عمارتوں میں گیس نئے کنکشنز پر عائد طویل پابندی کے باعث عوام اور بلڈرز کی 200 ارب روپے سے زائد رقم منجمد ہو گئی ہے جس سے حکومت کا ٹیکس ریوینیو بھی متا ثر ہو رہا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ سندھ ملک کی مجموعی گیس کا 70 فیصد پیدا کرتا ہے مگر عوام کو نئے گیس کنکشنز فراہم نہ کر کے ان کے حقوق کی خلاف ورزی کی جارہی ہے ۔ جنید اشرف تالو نے کہا کہ نئے گیس کنکشنز پر سال 2011 میں دو سال کی عارضی پابندی عائد کی گئی تھی ۔ اگر کراچی ، حیدرآباد اور سکھر کی تمام زیر التوا گیس کنکشنز کی درخواستوں کو نمٹا دیا جائے تو گیس کی مجموعی کھپت ایک ایم ایم سی ایف ڈی سے بھی کم بنتی ہے جو آٹے میں نمک کے برابر ہے۔

چیئرمین آباد نے وفاقی وزیر خزانہ کو بتایا کہ زیر االتوا نئے گیس کنکشنز کی فراہمی کے سلسلے میں پابندی ختم کر نے سے متعلق ایس ایس جی سی کی سمری وزیر اعظم سیکریٹریٹ میں وزیر اعظم کے دستخط کی منتظر ہے ۔ اگر وزیراعظم نواز شریف سمری پر دستخط کردیں تو سندھ کے ہزاروں خاندانوں کی دعائیں حاصل کریں گے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آباد کے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اس سلسلے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔

متعلقہ عنوان :