میرپور کا پُرامن سیاسی ماحول کسی صورت خراب نہیں کرینگے اور نہ ہی ایسا کسی کو کرنے کی اجازت دیں گے، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

منگل 31 مارچ 2015 19:44

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔31مارچ۔2015ء) آزادکشمیر کے سابق وزیر اعظم و کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ میں عظیم الشان فتح پر اللہ رب العزت کا شکر بجا لاتا ہوں۔ 7حکومتیں اپنے تمام تر وسائل کے ساتھ ایک طرف تھیں اور میرپور کی غیرت مند عوام دوسری طرف۔ اس کڑے اور آزمائش کے وقت اللہ نے اپنے حبیب کے صدقے ہمیں کامیابی سے نوازا۔

اس عظیم عطاء پر جتنا بھی شکر ادا کیا جائے وہ کم ہے۔ میرپور کے لوگوں نے اس الیکشن میں یہ ثابت کردیا کہ اُن کا ہاتھ دینے والا ہے لینے والا نہیں۔ میں ہمیشہ وضع داری، رواداری اور بھائی چارے کی سیاست کا قائل رہا ہوں۔ ہم میرپور میں آئندہ بھی اسی طرز کی سیاست کو فروغ دیں گے۔ میرپور کا پُرامن سیاسی ماحول کسی صورت خراب نہیں کرینگے اور نہ ہی ایسا کسی کو کرنے کی اجازت دیں گے۔

(جاری ہے)

الیکشن مہم کے دوران لوگوں کی آپس کی تلخیاں، الیکشن کے اختتام کے ساتھ ہی ختم ہو جانی چاہئیں۔ سب لوگ ہمارے لیے قابلِ احترام ہیں۔ کارکنان اپنی صفوں میں اتحاد اور یگانگت کو قائم رکھیں۔ ضمنی الیکشن کامیابی کی پہلی کڑی ہے۔ اصل اور فیصلہ کن معرکہ اب شروع ہونے جا رہا ہے۔ سونامی نے اب اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے حکمرانوں کے خلاف آخری اور فیصلہ کن جنگ لڑنی ہے۔

جس کابگل میرپور کے ضمنی الیکشن کے بعد بچ چکا ہے۔ ریاست بھر کے عوام ہماری پشت پر کھڑے ہیں۔ جبکہ ظالم حکمران اور اُن کے حواری دوسری طرف کھڑے ہیں۔ حق و باطل کے اس معرکے میں فتح تحریک انصاف کی ہوگی۔ میرپور کے غیرت مند لوگوں نے مجھ پر اس لیکشن میں جس اعتماد کا اظہار کیا ہے میں انہیں کبھی مایوس نہیں کروں گا۔ میرپور کے تمام مسائل حل کریں گے۔

کشمیر کی آزادی کیلئے نئے سرے سے جدوجہد کا آغاز کریں گے۔ کشمیر کو اقتصادی طور پر خود مختار بنائیں گے۔ تحریک انصاف کے قائد عمران خان کے ویژن کو عام لوگوں کے دلوں میں اتاریں گے۔ نوجوانوں کا میں بطور خاص شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انصاف یوتھ ISFکے نوجوانوں نے انتخابی مہم میں بڑا جاندار رول ادا کیا۔ ان خیالات کا اظہار بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے تحریک انصاف کے مرکزی انتخابی دفتر میں ضمنی الیکشن کی کامیابی کے حوالے سے ایک دعائیہ تقریب سے خطا ب کے دوران کیا۔

تقریب میں حلقہ بھر کے کارکان نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما طارق ایوب، صاحبزادہ محمد الیاس قادری، صدر اہلسنت والجماعت مولانا رضوان مکی، غلام ربانی، چودھری مختار، چودھری طارق، چودھری ظفر، چیئرمین گودری، چودھری عبدالغفور، چودھری آصف، چیئرمین نور احمد، حاجی خلیل، چودھری ایوب، چودھری منشاء، چودھری سلطان آف سنگھوٹ، حاجی جاوید، چودھری لیاقت ناڑ، وسیم لیاقت آف پلیالہ، چوھری ثاقب امین آف کھاڑک، عنصر صارم، رؤف مغل، چودھری مطلوب، خواجہ شہزاد، راجہ جمیل، حاجی غضنفر، خالد رتیال، ڈاکٹر معروف، محمد معروف آف کھاڑک، رؤف مغل، عنصر صارم، راجہ شبیر بندرالوی، تعبیر شاہ، چودھری فیاض، چودھری رمضان آف بندرال، چودھری جنید وقاص، فیاض بٹ، ظفر بنگش، چودھری صفدر، چودھری عرفان، میڈیا ایڈوائزر نصیر احمد چودھری، سید عابد حسین شاہ اور دیگر بھی موجود تھے۔

بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے اس موقع پر مزید کہا کہ میرپور کے لوگوں پر اللہ نے بڑا فضل کیا ہوا ہے۔ میرپور کے لوگوں کو لالچ کے عوض خریدا نہیں جا سکتا۔ میرپو رکے لوگ دینے والے ہیں۔ لینے والوں میں سے نہیں ہیں۔ ضمنی الیکشن میں مجید نے لوگوں کو اربوں روپے کے لالچ دئیے مگر میرپور کی کثیر عوام نے بکنے سے انکار کردیا۔ دریں اثناء بیرسٹرسلطان محمود چوہدری کی ضمنی انتخاب کی خوشی میں میرپور میں آج تیسرے روز بھی جشن کا سماں رہا۔اس سلسلے میں شہر بھر میں ریلیاں نکالی گئیں اور نوجوان ڈھول کی۸ تھاپ پر رقص کرتے رہے اور بیرسترسلطان محمود چوہدری کے حق میں زبردست نعرے بازی کرتے رہے۔