پانچ سے دس سال کے دوران پاکستان ایشیا کی تیز ترین معیشت کے طور پر ابھرے گا ،احسن اقبال،

پاکستان کی ترقی کے لیے ہر کسی کو اپنی خواہشات کو پس پردہ ڈالنا ہوگا چند اینکرز اور بیمار سیاستدانوں کو ہمارے ملک کی اچھی معاشی پالیسی نظر نہیں آتی ۔ قوم کے اندر اعتماد پیدا کرنے والی کہانیوں کو زیادہ سے زیادہ اجاگر کرنے کی ضرورت ہے ۔ تقریب سے خطاب

منگل 31 مارچ 2015 19:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔31مارچ۔2015ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پانچ سے دس سال کے دوران پاکستان ایشیا کی تیز ترین معیشت کے طور پر ابھرے گا اگر ملک میں جمہوری روایات اور پالیسیوں کے تسلسل کو فروغ دیا گیا پاکستان کی ترقی کے لیے ہر کسی کو اپنی خواہشات کو پس پردہ ڈالنا ہوگا چند اینکرز اور بیمار سیاستدانوں کو ہمارے ملک کی اچھی معاشی پالیسی نظر نہیں آتی ۔

انہوں نے کہا کہ قوم کے اندر اعتماد پیدا کرنے والی کہانیوں کو زیادہ سے زیادہ اجاگر کرنے کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی واصلاحات احسن اقبال نے اسلام آباد میں نویں سٹی بینک اور پی پی اے ایف مائیکرو انٹر پرینو شپ ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کے دوران کہی ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس تقریب میں جن لوگوں کو انعامات دیئے گئے انہوں نے اپنی محنت کے بل بوتے پر یہ مقام حاصل کیا ہے ان لوگوں نے حالات کے آگے سرنڈر نہیں کیا اس طرح کے لوگوں کو میڈیا پر لانے کی ضرورت ہے انہوں نے پاکستان کے اصل چہرہ کو روشناس کروایا ہے وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاک چین اکنامک کوریڈور صدی کا اہم ترین منصوبہ ہے اس کی تکمیل کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات نئی سطح پر پہنچ جائینگے چین کے صدر کا دورہ پاکستان جلد متوقع ہے جن میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط کئے جائینگے جس سے ملک ترقی کی راہوں پر چل پڑے گا وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹی وی اینکرز شام کو بیٹھ کر قوم کو ڈپریشن میں مبتلا کر دیتے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا ہمیں 2025ء کے ویژن کے تحت اپنی برآمدات کو 150 بلین ڈالر تک بڑھائے گے جن لوگوں نے پاکستان کی معاشی پالیسیوں کو اپنایا وہ ہم سے بہت آگے نکل چکے ہیں اس تقریب میں پاکستان مائیکرو فنانس نیٹ ورک کی جانب سے منتخب کئے گئے 23امیدواروں کو انعامات دیئے گئے ان 23امیدواروں نے اپنی اپنی فیلڈ میں معاشرہ کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا اس موقع پر پاکستان میں غربت کے خاتمہ کے لیے قائم کئے گئے فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کہا کہ دنیا کا کامیاب ترین مائیکرو فنانس سیکٹر پاکستان کاہے پی پی اے ایف نہ صرف قرضے دیتا ہے مگر اس کو صارفین کو استعمال کرنے کا طریقہ کار بھی بتاتا ہے اور اداروں کے مابین تعاون کے ذریعے ہی مسائل کو حل کیاجاسکتا ہے