Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار قومی اسمبلی عمران اسماعیل کی گاڑی پر ایم کیو ایم کے کارکنان کا حملہ،شیشے توڑ دئیے،انڈوں کی بارش بھی کی گئی،

کسی سے ڈرنے والے نہیں جلسہ ضرور کریں گے،عمران اسماعیل

منگل 31 مارچ 2015 19:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔31مارچ۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار قومی اسمبلی عمران اسماعیل کی گاڑی پر ایم کیو ایم کے کارکنان کا حملہ،شیشے توڑ دئیے،انڈوں کی بارش بھی کی گئی،عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ کسی سے ڈرنے والے نہیں جلسہ ضرور کریں گے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے246 نبیل گبول کے استعفے کے بعد خالی ہونے والی نشست پر ضمنی انتخابات23اپریل کو ہوں گے،اس حلقہ سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عمران اسماعیل نے جناح گراؤنڈ عزیز آباد میں جلسہ کرنے کے لئے ڈی سی آفس میں درخواست دی جس کے بعد وہ جلسہ گاہ کا معائنہ کرنے کیلئے گراؤنڈ پہنچ گئے اور بچوں کے ساتھ کرکٹ کھیلی۔

عمران اسماعیل میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے کہ اس دوران ایم کیو ایم کے سینکڑوں کارکنان وہاں پہنچ گئے،جنہوں نے شدید نعرے بازی شروع کردی جس کے جواب میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے بھی نعرے بازی شروع کی تاہم عمران اسماعیل نے کارکنوں کو وہاں سے خاموشی سے نکلنے کا کہا لیکن ایم کیو ایم کے کارکنوں نے عمران اسماعیل کی گاڑی اور تحریک انصاف کے کارکنوں پر ڈنڈوں اور پتھروں سے حملہ کردیا اورگاڑی پر انڈے بھی پھینکے،اس حملے میں عمران اسماعیل بچ گئے اور وہاں سے نکل گئے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے کہا کہ ہم جلسہ کی تیاریوں کا جائزہ لینے گراؤنڈ گئے ایم کیو ایم نے وہی کیا جو ان کا وطیرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکنوں پر پتھروں اور ڈنڈوں سے حملہ کیا جس سے ہمارے8سے 10کارکن زخمی ہوگئے،جنہیں ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں یہی خوف ہے جس کو توڑنے جارہے ہیں،ہم ڈرنے والے نہیں جلسہ ضرور کریں گے،ہم نے اسی خوف کو ختم کرنا ہے جو ایم کیو ایم نے پیدا کیا ہوا ہے،اب ڈرانے دھمکانے کا سلسلہ مزید نہیں چلے گا۔

انہوں نے کہا کہ جناح گراؤنڈ الطاف حسین کی ملکیت نہیں مجھے ایم کیو ایم سے یہ توقع نہیں تھی،مٹھی بھر لوگوں نے جناح گراؤنڈ میں غنڈہ گردی کی اور گاڑیوں کے شیشے توڑے،کراچی سب کا ہے اور ہر کسی کو کراچی میں رہنے کا حق حاصل ہے۔عمران اسماعیل نے کہا کہ ہمیں کوئی خوف نہیں ہم الیکشن لڑیں گے اور جیت کر دکھائیں گے،میں بھی کراچی میں پلا بڑھا ہوں کراچی کی روشنیاں واپس لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جناح گراؤنڈ میں پلاننگ سے ڈنڈے اور پتھر برسائے گئے،ہم ایم کیو ایم کے خلاف مقدمہ درج کرائیں گے،ہمیں کوئی خطرہ نہیں اورہم کسی سے ڈرنے والے نہیں ہیں ۔۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات