بلدیاتی الیکشن کے نتائج کے اعلان میں دس روز تاخیر دھاندلی، حکومتی فیصلے کو یکسر مسترد کر تے ہیں،جے یو آئی س صوابی

منگل 31 مارچ 2015 19:21

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔31مارچ۔2015ء) جمعیت علماء اسلام (ف) ضلع صوابی نے بلدیاتی الیکشن کے نتائج کے اعلان میں دس روز تاخیرکو دھاندلی کا منصوبہ قرار دیتے ہوئے حکومت کے اس فیصلے کو یکسر مسترد کر دیا اور چیف الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ عام انتخابات کی طرح بلدیاتی الیکشن کے نتائج کا اعلان بھی الیکشن کے دوسرے روز کیا جائے۔

ان خیالات کااظہار جے یو آئی ضلع صوابی کے امیر مولانا عطاء الحق درویش اور مولانا محمد ہارون حنفی نے یو سی جلسئی، تر لاندی اور باچائی میں الگ الگ اجلاسوں سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے نتائج کا سرکاری اعلان اگلے دن ہو سکتا ہے مگر صوبائی حکومت نے دس روز بعد نتائج کا اعلان صرف دھاندلی کے لئے کیا ہے۔

(جاری ہے)

اس سے صوبائی حکومت کے ارادے عوام پر واضح ہو گئے جلسئی یو سی سے ضلع کونسل کے لئے مولانا عالم زیب ، تحصیل کونسل کے لئے قاری ذاکر جب کہ باچائی سے مولانا سمیع الحق، مولانا گل سید ، لطافت شاہ ، مولانا سید الا برار اور سردار استاد پر مشتمل کمیٹی تشکیل دیدی گئی مولانا عطاء الحق درویش نے کہا کہ جے یو آئی صوبہ خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام آج بدھ یکم اپریل کو پشاور میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے تمام اضلاع کے اُمراء اور نظماء جب کہ کل جمعرات دو اپریل کو صوابی میں ضلعی مجلس عاملہ و عمومی کا اجلاس ہو گا انہوں نے کہا کہ کارکنان جمعیت بلدیاتی الیکشن کے لئے بھر پور تیاریاں شروع کریں اور سہ فریقی اتحاد کے پلیٹ فارم سے پورے صوبے میں کلین سوئپ کرینگے ۔