کوہاٹ ، حساس علاقوں میں 18 تعلیمی اداروں کے سربراہوں کے خلاف ناقص سیکیورٹی انتظامات کی بناء پر مقدمات درج

منگل 31 مارچ 2015 19:05

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31مارچ۔2015ء ) کوہاٹ کے حساس علاقوں میں واقع 18 تعلیمی اداروں کے سربراہوں کے خلاف ناقص سیکیورٹی انتظامات کی بناء پر مقدمات درج کر لئے گئے۔حکومت کی طرف سے حساس اور آسانی سے ہدف بننے والے مقامات کے تحفظ کی خاطر باقاعدہ طور پرجو سیکیورٹی ایکٹ جاری ہو ا ہے اس کے تناظر میں کوہاٹ پولیس نے شہر اور مضافات میں قائم مختلف تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور غیر تسلی بخش حفاظتی انتظامات پر 238 تعلیمی اداروں کے سربراہان کو سیکیورٹی انتظامات بہتر بنانے کی وارننگ جاری کئے گئے تھے جبکہ بار ہا تنبیہ کے باوجود گزشتہ روز حساس علاقوں میں واقع تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد سیکیورٹی نقائص کی بناء پر 18 تعلیمی اداروں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی گئی اور انہی سکول و کالج کے سربراہوں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ مقدمات تھانہ چھاؤنی،سٹی،جنگل خیل،کے ڈی اے،ایم آر ایس،جرما گمبٹ اور شکر درہ میں نجی تعلیمی اداروں کے سربراہوں محمد عابد،عبدالحکیم،نوابزادہ خٹک،حامد اکبر،عطاء اللہ،میاں بادشاہ،عبدالحمید،حبیب اللہ،غفران الدین،حفیظ،محمد یوسف،زاہد محمود،نثار خان،عالم ذیب،امان اللہ،فضل رحیم اور لیڈی ہیڈ مسٹرس شبانہ کے خلاف درج کئے گئے ہیں۔