(ن) لیگ کی حکومت نے عوام کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ہے ‘ عابد حسین صدیقی

منگل 31 مارچ 2015 18:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31مارچ۔2015ء) پیپلز پارٹی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ پوری قوم پٹرولیم مصنوعات پر مزید ریلیف کی توقع لگائے بیٹھی تھی لیکن حکومت کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات پر مبینہ اضافہ ظالمانہ اقدام ہے ۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اس اضافہ پر شدید مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ اضافہ کو فوراً واپس لیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات میں کمی پر اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کرنے میں بُری طرح ناکام رہی اب اضافے پر لگتا ہے کہ مہنگائی کا ایک نیا طوفان آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے عوام کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ہے حکمرانوں کی طرف سے عوام کے مسائل میں کمی لانے کے لئے کوئی اقدام نظر نہیں آ رہا۔