سندھ حکومت اورگورنر سندھ کی تبدیلی کی باتیں درست نہیں ہیں،نثار احمد کھوڑو

منگل 31 مارچ 2015 17:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31مارچ۔2015ء) سندھ کے سینئر وزیر برائے تعلیم نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ سندھ حکومت اورگورنر سندھ کی تبدیلی کی باتیں درست نہیں ہیں ۔اگر کوئی رات میں خواب دیکھے اور صبح کہے کہ گورنر تبدیل ہوگیا ہے تو میں اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا ۔سیاسی جماعتیں جب الیکشن میں حصہ لیتی ہیں تو یہ ان کا الیکشن نظام پر اعتماد کا مظہر ہوتا ہے ۔

پاکستان میں انتخابات کے دوران پولنگ اسٹیشنز پر بہت کچھ ہوتا ہے ۔وہ منگل کو یو این او ڈی سی کے زیر اہتمام ”ای لرننگ“ پروگرام کے تحت منعقدہ سیمینار سے خطاب کررہے تھے ۔اس موقع پر چیف کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ ناظم سلیم ،یو این او ڈی سی میں پاکستان نمائندے کریسر گڈیس اور دیگر بھی موجود تھے ۔نثار احمد کھوڑو نے ای لرننگ پروگرام کی افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے تحت دنیا میں بہت سے پروگرامز ہورہے ہیں ۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ پاکستان میں منشیات اور جرائم کی روک تھام کے لیے تیکنیکی معاونت فراہم کررہا ہے تاکہ کسٹمز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے منشیات ،انسانی اسملنگ اور جرائم کی دیگر وارداتوں پر باآسانی قابو پاسکیں ۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں جرائم کی روک تھام کے لیے اس سے کہیں زیادہ کام ہورہا ہے ۔یہ پروگرام مارکیٹوں اور اداروں کی مانیٹرنگ کے لیے لگائے گئے سی سی ٹی وی کیمروں کی ٹیکنالوجی سے زیادہ وسیع موقع فراہم کرتا ہے ۔

اس ٹریننگ کے ذریعہ ہمارے ملک ،صوبے اور شہر میں اس کا اثر نظر آئے گا ۔چیف کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ ناظم سلیم نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کی روک تھام کے لیے کسٹم ،ایف آئی اے ،پولیس سمیت 20سے زائد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹریننگ مکمل ہوچکی ہے ۔ٹریننگ کا مقصد ملک میں منشیات ،اسمگلنگ اور جرائم کی دیگر وارداتوں کی روک تھام ہے تاکہ ادارے بہتر طریقے سے اپنا کام سرانجام دے سکیں ۔

پاکستان کسٹم ڈے کا اصل مقصد یہ تھا کہ ہمارا سب سے تعاون رہے ۔اس لیے ہم سمندری اور زمینی مقامات پر اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کوششیں کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سمندری اسمگلنگ کی روک تھام میں میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی اور زمینی اسمگلنگ کی روک تھام میں رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ دنوں اسمگلنگ شدہ تیل کو فروخت کرنے والے پیٹرول پمپس کے خلاف کارروائیاں کی گئی ہیں ۔

جبکہ ڈرگس اور دیگر اسمگل شدہ سامان کو ضبط کرنے کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے تحت ہونے والے پروگرام میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو معلومات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ جدید تیکنیکی آلات کی فراہمی بھی کی گئی ہے جس سے اسمگلنگ کی روک تھام میں مدد ملے گی ۔اسسٹنٹ کلکٹر کسٹمز ایئرپورٹ سید محمد رضا نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت اہلکاروں کو مختلف کیمیکلز میں منشیات کی پہچان کے لیے خصوصی ٹیسٹ بھی کروائے گئے ہیں جس سے فوری طور پر منشیات کی نشاندہی ہوسکے گی ۔منشیات کی روک تھام کے لیے مخصوص کٹس بھی فراہم کی گئی ہیں۔
ڈیرہ اسماعیل خان،جماعة الدعوة کے زیراہتمام حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے احتجاجی ریلی

متعلقہ عنوان :