وفاقی وزیر برائے تجارت انجینئر خرم دستگیر کا رائس ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ کونسل کے قیام کا عندیدیہ

منگل 31 مارچ 2015 17:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31مارچ۔2015ء)وفاقی وزیر برائے تجارت انجینئر خرم دستگیر نے رائس ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ کونسل کے قیام کا عندیدیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ چاول کے برآمد کنندگان اور کاشتکاروں کو درپیش مسائل کو دور کر کے چاول کی تجارت کو فروغ دیا جا سکتا ہے ‘کونسل میں میں وفاق، صوبوں اور چاول برآمد کنندگان کی ایسوسی ایشن کے نمائندے شامل ہوں گے۔

وہ منگل کو رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کی ساتویں ایکسپورٹ ٹرافی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ چاول کی پیداوار اور برآمدات بڑھانے کے لئے وفاق اور صوبوں کے درمیان کوآرڈینیشن کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ اس مقصد کے لئے رائس ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ کونسل فعال کردار ادا کرے گی، یہ ایک مستقل فورم ہوگا جو باقاعدگی سے اجلاسوں کا انعقاد کرے گا تاکہ اس شعبہ کو درپیش مسائل کو اتفاق رائے سے دور کرتے ہوئے چاول کی تجارت کو فروغ دیا جا سکے۔

(جاری ہے)

توقع ہے کہ یہ کونسل اپریل کے آخر تک کام شروع کر دے گی۔ چاول کے برآمد کنندگان کو ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے ذریعے انفراسٹرکچر، سرٹیفیکیشن اور استعداد کار بڑھانے میں تعاون فراہم کرے گا۔ انہوں نے چاول کے شعبہ میں جدت لانے، بیجوں کی نئی اقسام، کاشت کے نئے طریقے متعارف کرانے اور نئی منڈیاں تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ رائس ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ کونسل کا قیام اس سلسلے میں مددگار ثابت ہوگا۔

وفاقی وزیر نے چاول کے برآمد کنندگان کی جانب سے کاشتکاروں کی استعداد کار بڑھانے کے لئے تربیت کی فراہمی کے پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں حکومت بھرپور تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ برآمد کنندگان کو کاشتکاروں کی فلاح کا بھی احساس ہے۔