سعودی عرب کی علاقائی سالمیت اور خود مختاری کی کسی بھی خلاف ورزی پر پاکستان کی طرف سے سخت ردعمل سامنے آئیگا ‘پاکستان

منگل 31 مارچ 2015 17:31

سعودی عرب کی علاقائی سالمیت اور خود مختاری کی کسی بھی خلاف ورزی پر پاکستان ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31مارچ۔2015ء) وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اجلا س میں ایک بار پھر واضح کیا گیا ہے کہ سعودی عرب کی علاقائی سالمیت اور خود مختاری کی کسی بھی خلاف ورزی پر پاکستان کی طرف سے سخت ردعمل سامنے آئیگا جبکہ وزیراعظم محمد نوازشریف نے یمن میں محصور پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمن میں محصور باقی رہ جانے والے پاکستانیوں کے واپسی کے انتظامات تسلی بخش کیے جائیں منگل کو وزیر اعظم ہاؤس میں وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں وزیر خزانہ اسحق ڈار ‘وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی سرتاج عزیز، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی، سیکرٹری خارجہ اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم محمد نواز شریف نے یمن سے پاکستانیوں کے انخلاء کے پہلے مرحلے کی تکمیل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یمن میں باقی رہ جانے والے پاکستانیوں کی جلد سے جلد محفوظ وطن واپسی کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم نے خوشی کا اظہار کر تے ہوئے کہاکہ یمن سے پاکستانیوں کو نکالنے کا پہلا مرحلہ اطمینان بخش طریقے سے مکمل ہوا ہے ‘ یمن میں باقی رہ جانے والے پاکستانیوں کو جلد سے جلد واپس لایا جائے۔

اجلاس کے دور ان وزیراعظم کو بتایا گیا کہ یمن سے وطن واپس پہنچنے والے پاکستانی شہری یمن کے مختلف شورش زدہ علاقوں میں پھنسے پاکستانیوں کی محفوظ واپسی کو یقینی بنانے اور اس معاملے کو قومی ترجیح کے طور پر لینے کیلئے وزیراعظم کی ذاتی دلچسپی پر ان کے نہایت معترف اور ممنون ہیں اعلیٰ سطحی اجلاس ایک بار پھر واضح کیا گیا کہ سعودی عرب کی علاقائی سالمیت اور خود مختاری کی کسی بھی خلاف ورزی پر پاکستان کے عوام کی امنگوں کے مطابق پاکستان کی طرف سے سخت ردعمل ظاہرکیا جائے گا وزیر اعظم نے کہاکہ سعودی عرب کے ساتھ انتہائی قریبی تعلقات ہیں اور پاکستان حجاز مقدس کی سلامتی کو بہت اہمیت دیتا ہے اجلاس کے دور ان وزیر اعظم نے وزیردفاع خواجہ آصف کی سربراہی میں وفد سعودی عرب بھیجنے کی بھی منظور ی دی ۔

متعلقہ عنوان :