ہسپتال کا نقشہ منظور، پہلے 25 کمرے بنائے جائیں گے‘والدہ اداکارہ میرا

منگل 31 مارچ 2015 16:48

ہسپتال کا نقشہ منظور، پہلے 25 کمرے بنائے جائیں گے‘والدہ اداکارہ میرا

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31مارچ۔2015ء)اداکارہ میرا کی والدہ اور شفقت ٹرسٹ ہسپتال کی چیئرپرسن شفقت زہرہ بخاری نے کہاہے کہ ہسپتال کا سنگ بنیاد جلد رکھ دیا جائے گا، اس مقصد کے لئے مختلف اہم شخصیات سے رابطہ کیا جارہا ہے جو افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔مقامی اخبار خبریں کے مطابق انہوں نے بتایا کہ ہسپتال کا نقشہ منظور ہوگیا ہے جسے ایک اور محکمے کی منظوری کے بعد فائنل کردیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ابتداء میں 25 کمرے بنائے جائیں گے، مجموعی طور پر ہمیں سات سے دس کروڑ روپے کی ضرورت ہے جسے جمع کرنے کے لئے دنیا بھر کے مخیر افراد سے رابطہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرا ڈریم پراجیکٹ ہے، پورے پاکستان کی عوام سے اپیل ہے کہ وہ ہماری مدد کریں۔ شفقت بخاری نے بتایا کہ یہ ہسپتال مستحق اور غریب افراد کی خدمت کے لئے بنایا جارہا ہے جہاں صرف دس روپے کی پرچی پر ہرقسم کا علاج ہوگا، جبکہ بیوہ، یتیموں اور لاوارث افراد کا علاج بلا معاوضہ ہوگا۔ اس موقع پر اداکارہ میرا بھی موجود تھیں جن کا کہنا تھا کہ ہسپتال کی تعمیر کے لئے میں اپنی والدہ کے شانہ بہ شانہ چل رہی ہوں اور ہم اسے مکمل کرکے ہی دم لیں گے۔