پاکستان پوسٹل فاؤنڈیشن کا لاکھوں روپے کی مالی بے ضابطگیوں پر لاعلمی کا اظہار

منگل 31 مارچ 2015 16:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31مارچ۔2015ء) پاکستان پوسٹل فاؤنڈیشن نے لاکھوں روپے کی مالی بے ضابطگیوں پر لاعلمی کا اظہار کر دیا۔ سابق وزیر مملکت برائے پوسٹل سروسز عبدالغفور حیدری کی جانب سے گزشتہ سال سیکرٹری مواصلات (چیئرمین فاؤنڈیشن) کومراسلہ میں ہدایت کی تھی کہ محکمہ میں کروڑوں روپے کی مالی بے ضابطگیوں کی وجہ سے فاؤنڈیشن زوال کا شکار ہے تاہم ابھی تک چیئرمین پوسٹل فاؤنڈیشن بدعنوانی میں ملوث افسران کے خلاف کوئی محکمانہ کارروائی نہیں کر سکے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پوسٹل فاؤنڈیشن میں مالی بے ضابطگیوں پر سابق وزیر مملکت مولانا عبدالغفور حیدری کی جانب سے حکم کے باوجود چیئرمین پوسٹل فاؤنڈیشن شاہد اشرف تارڑ نے تاحال کوئی کارروائی نہیں کی اس ضمن میں اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔

(جاری ہے)

31مارچ۔2015ء کے رابطے پر محکمے کے ترجمان نے لاعلمی کا اظہار کیا اور کہا کہ محکمہ کو ایسی کوئی مالی ضابطگیوں کا علم نہیں۔

سابق وزیر مملکت مولانا عبدالغفور حیدری نے چیئرمین پوسٹل فاؤنڈیشن شاہد اشرف تارڑ کو ایک تفصیلی مراسلہ بھی بھیجا تھاجس میں انہوں نے کہا تھا کہ محکمہ مالی بے ضابطگیوں کی وجہ سے زوال کا شکار ہے اور سابق منیجنگ ڈائریکٹرز اعجاز درانی اور اعجاز منہاس نے دوران ملازمت مبینہ طور پر مالی بے ضابطگیوں اور ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے ادارے کے فنڈز میں چار کروڑ روپے کا غبن کیا جبکہ 80 فیصد من پسند ملازمین بھرتی کیئے گئے جن کی تقرریوں کا کوئی جواز نہیں تھا اور نہ ہی محکمے میں کوئی پوسٹیں موجود تھیں اور کئی ملازمین کو منظور شدہ پے سکیل سے کئی گنا زائد تنخواہوں پر بھرتی کیا گیا۔

جنرل منیجر کرنل (ر) افتخار کو 60 ہزار ماہانہ تنخواہ اور 100 لیٹر پیٹرول الاؤنس پر بھرتی کیا گیا حالانکہ پہلے جی ایم فاؤنڈیشن کی تنخواہ 35 ہزار روپے ماہوار تھی اسی طرح کراچی‘ اسلام آباد میں فاؤنڈیشن کی بلڈنگ کی مرمت کیلئے ڈی جی پاکستان پوسٹل کی منظوری کے بغیر 60 لاکھ روپے کی خطیر رقم خرچ کی گئی۔ مراسلے کے مطابق ایم ڈی اعجاز منہاس نے جی پی فنڈز کی کٹوتی اپنی تنخواہ کے بجائے فاؤنڈیشن کے چیک نمبر 10112316 سے 2 لاکھ 31 ہزار 320 روپے ادا کئے اسی طرح مراسلے میں مزید بدعنوانی کا ذکر بھی کیا گیا تھا جس پر تاحال سیکرٹری شاہد اشرف تارڑ کسی افسران کے خلاف کوئی محکمانہ کارروائی نہیں کر سکے۔

متعلقہ عنوان :