صولت مرزا کے الزامات سنگین ہیں،تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دی جائے،اسفند یار ولی

منگل 31 مارچ 2015 16:11

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31مارچ۔2015ء)عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی نے کہا ہے کہ صولت مرزا کے الزامات انتہائی سنگین ہیں ،شفاف تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دی جائے ،خیبر پختونخواہ میں جماعتی بنیادوں بلدیاتی الیکشن کرائے جائیں ،فاٹا کو بلدیاتی الیکشن میں شامل کیاجائے ،پاکستان کو پرائی جنگ میں نہیں کودنا چاہیے ہمیں ماضی سے سبق سیکھنا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اسفند یار ولی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخواہ میں جنرل ایوب اور ضیاء کے دور کے بعد عمران خان کے زمانے میں غیر جماعتی بنیادوں پر الیکشن دیکھ رہے ہیں ،ہم صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ خیبر پختونخواہ میں جماعتی بنیادوں پر الیکشن کرائے جائیں جبکہ فاٹا کو بھی بلدیاتی الیکشن میں شامل کیا جائے ،انہوں نے کہا کہ فاٹا میں جنرل الیکشن ہو سکتے ہیں تو بلدیاتی الیکشن کیوں نہیں ہو سکتے ،انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت فاٹا کے اختیارات کا بل جلد از جلد پاس کرے ، ان کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان سے نیا حلف لینا ظلم ہے۔

(جاری ہے)

اسفند یار ولی نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے ماضی سے سبق سیکھتے ہوئے دوسروں کی جنگ میں نہیں کودنا چاہیے ، یمن کی جنگ پرائی جنگ ہے اور ہمیں پرائی جنگ میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان اور علوی عارف کی ٹیلی فونک گفتگو سے پتہ چلا ہے کہ ان کے کیا مقاصد تھے جو بری طرح ناکام ہوگئے ہیں ۔اسفند یار ولی نے کہا کہ صولت مرزا کے بیان کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے،صولت مرزا نے انتہائی سنگین نوعیت کے الزامات لگائے ہیں ، ان الزامات کی شفاف طریقے سے تحقیقات کرائی جائیں،صولت مرزا کے معاملے پر جے آئی ٹی تشکیل دی جائے ،شفاف طریقے سے تحقیقات سے سب کا فائدہ ہے،انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی میں کسی مجرم کی کوئی جگہ نہیں ہے اور نہ ہی اس بات کو پسند کرتے ہیں کہ کوئی دیگر سیاسی پارٹی پناہ دے ۔