راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا بزنس پلان کمپٹیشن پرسٹن یونیورسٹی نے جیت لیا

ائیریونیورسٹی دوسرے جبکہ فاطمہ جناح یونیورسٹی تیسرے نمبر پر آئے

منگل 31 مارچ 2015 15:02

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31مارچ۔2015ء) راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا بزنس پلان کمپٹیشن پرسٹن یونیورسٹی نے جیت لیا، ائیریونیورسٹی دوسرے جبکہ فاطمہ جناح یونیورسٹی تیسرے نمبر پر آئے،تفصیلات کیمطابق راولپنڈی چیمبرنے یونیورسٹیز کے طلبہ کے مابین بزنس پلان کمپٹیشن کا انعقاد کیا جس میں ابتدائی مرحلے میں 13 یونیورسٹیز نے شرکت کی پہلے مرحلے کے بعد 7یونیورسٹیز جن میں فاطمہ جناح یونیورسٹی،ایپ کام، کامسیٹس،فاؤنڈیشن،پرسٹن ، ائیر اور فاسٹ یونیورسٹی کے طلبہ کو دوسرے اور حتمی مرحلے کیلئے منتخب کیا گیا ۔

راولپنڈی چیمبر کی طرف سے منعقد کئے گئے اس مقابلے کا مقصد طلبہ کی کاروباری سمجھ بوجھ کو پرکھنا اور انکی حوصلہ افزائی کرنا ہے تا کہ عملی زندگی کی دشواریوں سے آگاہ کر کے مقابلے کے لئے تیار کیا جا سکے اور اچھوتا آئیڈیا دینے والے طلبہ کو ملازمت کی پیشکش بھی اس مقابلے کی ایک کڑی ہے۔

(جاری ہے)

بزنس پلان کمپٹیشن کی مہمان خصوصی قائمقام کو آرڈینیٹر وزیر اعظم یوتھ لون سکیم محترمہ رومینہ خورشید تھیں جبکہ گیسٹ آف آنر زمیں اسلام آباد اسٹاک ایکسچینج کے منیجنگ ڈائریکٹر میاں ایاز افضل اور ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ ڈسپیوٹ ریزولیشن اتھارٹی روبینہ توفیق تھے جبکہ جیوری کے فرائض سابق صدور منظر خورشید شیخ اورڈاکٹر شمائل داؤد کے علاوہ فیصل مشتاق اورسید احمد مسعودنے انجام دئیے اس کے علاوہ ، سینئر نائب صدر میاں ہمایوں پرویز، نائب صدر صبور ملک ، اراکینِ مجلسِ عاملہ اور طلبہ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

مقابلے کے آغاز سے قبل راولپنڈی چیمبر کے صدرسید اسد مشہدی نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ چیمبر نے ہمیشہ طلباء اور صنعت کے درمیان پُل کا کردار ادا کیا ہے کاروبار کی ترقی میں طلباء بھرپور کردار ادا کر سکتے ہیں آج کے اس مقابلے کا مقصد بھی نوجوان نسل کو نئی جہتوں کی طرف گامزن کرنا اور اُن کی تجاویز کو جدید کاروباری رجحانات سے ہم آہنگ کرنا ہے ۔

صدر آر سی سی آئی نے کہا کہ راولپنڈی چیمبر کی یہ روایت رہی ہے کہ وہ ایسے مقابلوں کا انعقاد کراتا رہتا ہے تا کہ طلباء کو آگے آنے اور عملی کام کی باریکیوں کو سمجھنے کا موقع ملے تا کہ انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنایا جا سکے،انہوں نے مقابلے میں شریک تمام طلبہ کے ساتھ نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ آخر میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی محترمہ رومینہ خورشیدنے کہا کہ طلباء میں مقابلے کے رجحان سے بہترین دماغ سامنے آتے ہیں جو ملک و قوم کی ترقی کا باعث بنتے ہیں ۔

راولپنڈی چیمبر نے ایسے مقابلوں کا انعقاد کر کے طلباء کے مابین مثبت مقابلوں کا جو سلسلہ شروع کیا ہے اس سے ملک میں کاروباری و تجارتی سر گرمیوں کو عروج حاصل ہو گا اور طلباء کی طرف سے نئی تجاویز کے آنے سے ترقی کے امکانات مزید روشن ہو جائیں گے۔ آخر میں انہوں نے کامیاب ہونے والے طلباء کے مابین انعامات بھی تقسیم کیے ۔

متعلقہ عنوان :