وزارت آئی ٹی کی لاپرواہی، گرے ٹریفکنگ مانیٹرنگ سسٹم تباہ ہونے کا خطرہ

منگل 31 مارچ 2015 14:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31مارچ۔2015ء)وزارت آئی ٹی کی عدم دلچسپی کی وجہ سے ملک میں ٹیلی فون کے غیر قانونی کاروبار پر نظر رکھنے کے لیے اربوں روپے کا نظام کباڑ بننے کا خطرہ پیدا ہوگیا۔

(جاری ہے)

لانگ ڈسٹنس اینڈ انٹرنیشنل آپریٹرز کی جانب سے دی گئی تین ارب روپے کی خطیر رقم سے ٹیلی فون کالز کا غیر قانونی کاروبار روکنے کے لیے گرے ٹریفکنگ مانیٹرنگ سسٹم لگایا تھا جسے فعال رکھنے کے لیے اپ گریڈ کرنا ضروری ہے۔

چئیرمین پی ٹی اے نے وزارت آئی ٹی کو سسٹم اپ گریڈیشن کے لیے فروری میں خط لکھ کر بتایا تھا کہ جی ٹی ایم ایس کا سروس ایگریمنٹ ختم ہو رہا ہے۔ اپ گریڈ نہ ہونے کی وجہ سے سسٹم کی کارکردگی تیس فیصد رہ گئی ہے۔ خط میں متنبہ کیا گیا تھا کہ اپ گریڈ نہ ہونے کی صورت میں اربوں روپے کا سسٹم ناکارہ ہوجائے گا تاہم وزارت آئی ٹی نے اس ضمن میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی۔