الطاف حسین کے تین ممکنہ جانشین، نام تجویز

منگل 31 مارچ 2015 14:23

الطاف حسین کے تین ممکنہ جانشین، نام تجویز

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31مارچ2015ء) جب متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ الطاف حسین نے پارٹی کا سب سے بااختیار عہدہ چھوڑنے کافیصلہ چندگھنٹوں میں واپس لیا تو چند سیاسی مبصرین ہی اس وقت حیرت زدہ رہ گئے ہوں گے، لیکن ان کے تین جانشینوں کے ناموں کے پہلی مرتبہ اعلان پر بڑے پیمانے پر تعجب کا اظہار کیا گیا۔

(جاری ہے)

ایک ٹیلی فونک خطاب کے دوران جو پیر کی علی الصبح نجی نیوز چینلز پر نشر کیا گیا، الطاف حسین نے اپنی پارٹی کے منتخب نمائندوں اور عہدے داروں کے ایک اجلاس سے کہا کہ وہ فاروق ستّار، ندیم نصرت یا محمود انور میں سے ان کی جگہ کسی کا انتخاب کرسکتے ہیں، اس لیے کہ وہ پارٹی کی قیادت سے دستبردار ہونا چاہتے ہیں۔

ڈاکٹر فاروق ستار ایم کیو ایم کے سب سے سینئر رہنما ہیں، جن کا تعلق کراچی سے ہے۔ ندیم نصرت اور محمود انور لندن میں رہتے ہیں اور ان کی الطاف حسین کے ساتھ وابستگی تین اور دو دہائیوں پر مشتمل ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار اور محمود انور پارٹی کی رابطہ کمیٹی کے رکن ہیں، جبکہ ندیم نصرت رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینیر کے طور پر پارٹی کے سربراہ کے نائب کی حیثیت رکھتے ہیں۔