امن کے لئے گھر بار چھوڑنے والوں کی آبائی علاقوں کو واپسی شروع،متاثرین کاجشن

بنوں آئی ڈی پیز کیمپ سے شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کے 62 خاندان آبائی علاقوں کو روانہ

منگل 31 مارچ 2015 11:15

بنوں (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31مارچ۔2015ء) امن کے لئے گھر بار چھوڑنے والوں کی آبائی علاقوں کو واپسی شروع ہوگئی‘ بنوں آئی ڈی پیز کیمپ سے شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کے 62 خاندان آبائی علاقوں کو روانہ ہوگئے‘ آئی ڈی پیز کی واپسی چار مرحلوں میں مکمل ہوگی‘ پہلے مرحلے میں شمالی وزیرستان کے 91ہزار 601خاندان گھروں کو لوٹیں گے‘ واپس لوٹنے والے متاثرین کو کرائے کی مد میں 10ہزار ‘ دیگر اخراجات کی مد میں 25ہزار فی کس جبکہ ایک ماہ کا راشن بھی دیا جارہا ہے‘ 62خاندانوں کے 219افراد پاک فوج کی سخت سکیورٹی میں سپن وام روانہ ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق منگل کو بنوں آئی ڈی پیز کیمپ سے شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والوں کی واپسی شروع ہوگئی۔ امن کے لئے گھر بار چھوڑنے والوں نے گزشتہ دو عیدیں گھر سے باہر گزاریں تاہم گھر واپسی بھی متاثرین کے لئے عید سے بڑی خوشی بن گئی۔

(جاری ہے)

واپسی کی خوشی میں بنوں آئی ڈی پیز کیمپ میں جشن ‘ ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا گیا‘ بنوں آئی ڈی پیز کیمپ سے پاک فوج کی سخت سکیورٹی میں منگل کو 62خاندانوں کے 219افراد آبائی علاقوں کو روانہ ہوگئے۔

شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والوں کی واپسی چار مرحلوں میں مکمل ہوگی۔ پہلے مرحلے میں 91ہزار 601خاندان گھروں کو لوٹیں گے واپس لوٹنے والوں کو کرائے کی مد میں دس ہزار‘ دیگر اخراجات کی مد میں پچیس ہزار فی کس جبکہ ایک ماہ کا راشن بھی دیا جارہاہے۔ متاثرین کی واپسی کے موقع پر بنوں آئی ڈی پیز کیمپ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاک فوج کے میجر جنرل اختر راؤ نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے متاثرین کی واپسی مراحلہ وار شروع ہوچکی ہے۔

ہر فیملی کو 35ہزار روپے اور ایک ماہ کا راشن دیا جارہا ہے۔ متاثرین فوج کی نگرانی میں شمالی وزیرستان جائیں گے ۔ 62خاندانوں کے 219افراد ابھی اپنے آبائی علاقوں کو واپس جارہے ہیں۔ تمام متاثرین کی واپسی چار مرحلوں میں مکمل ہوگی۔ پچھلے دو ماہ سے شمالی وزیرستان کے تمام علاقوں میں تعمیرات و بحالی کا کام جاری ہے۔ وزیراعظم اور آرمی چیف نے متعدد بار دورے کئے ۔ شمالی وزیرستان کے متاثرین کو جلد از جلد اور عزت سے واپس لے کر جائیں گے۔ اس موقع پر آئی ڈی پیز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب ہم اپنے گھروں میں احتیاط سے رہیں گے جن غلطیوں کی وجہ سے ہمیں بے گھر ہونا پڑا اب وہ نہیں دہرائیں گے۔ خواہش ہے کہ اس دفعہ رمضان اپنے گھروں میں گزاریں۔

متعلقہ عنوان :