یمن میں سیکڑوں پاکستانی اب بھی محصور ، آج سب کو بحفاظت نکال لیا جائیگا، دفتر خارجہ

منگل 31 مارچ 2015 11:06

یمن میں سیکڑوں پاکستانی اب بھی محصور ، آج سب کو بحفاظت نکال لیا جائیگا، ..

صنعا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31مارچ2015ء) خانہ جنگی کے شکار یمن میں سیکڑوں پاکستانی اب بھی پھنسے ہوئے ہیں ، صنعا میں سو سے زائد موجود لوگ انخلا کے منتظر ہیں جبکہ عدن میں شدید جھڑپیں جاری ہیں ، دفترخارجہ کے مطابق آج تمام پاکستانیوں کو بحفاظت نکال لیا جائے گا۔ یمن کے شہر عدن میں اتحادی افواج اور باغیوں میں شدید جنگ جاری ہے ، ہر سو جلتی گاڑیاں گولیوں کی تڑتڑاہٹ ، طیاروں کی گھن گرج ، آسمان سے برستا بارود اور کھنڈر عمارتوں سے اٹھتا دھواں ہی دھواں ہے ۔

شہر بے اماں میں وحشت و خوف کے سائے منڈلا رہے ہیں ۔ بے بس بے آسرا اور بے یارو مددگار امداد کے منتظر سیکڑوں محصور پاکستانیوں کے سر پر موت منڈلا رہی ہے ۔ عدن میں دو سو سے زائد پاکستانی محصور ہیں جن کے پاس کھانے پینے کی اشیاء بھی ختم ہوتی جا رہی ہیں ادھر اپنے پیاروں سے ملنے کی تڑپ میں آس اور امید کا دامن تھامے نم آنکھوں کے ساتھ مائیں ، بہنیں ، بیٹیاں ، بوڑھے باپ ، کمسن بچے اور دیگر رشتے دار اللہ تعالی کے حضور سربسجود کسی معجزے کے منتظر ہیں ۔

(جاری ہے)

صنعا میں پانچ سو افراد کی واپسی کے باوجود ابھی بھی سیکڑوں پاکستانی موجود ہیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پاکستان انہیں لانے کے لیے دوسرا طیارہ روانہ کرے ادھر محصور پاکستانیوں کو نکالنے کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے یمن میں پانچ سو سے کم پاکستانی رہ گئے ہیں ، تمام پاکستانیوں کو جلد نکال لیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :