حیدرآباد،الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) کی نادہندگان کے خلاف کاروائیاں جاری ہی ، سرکاری اداروں اور نجی صارفین کے 8580بجلی کے کنکشن منقطع

پیر 30 مارچ 2015 22:03

حیدرآباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء ) الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) کی نادہندگان کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں، تفصیلات کے مطابق وفاقی سیکریٹری پانی و بجلی محمد یونس ڈھاگا کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے حیسکو چیف ایگزیکٹیو آفیسر محمد سلیم جاٹ کے احکامات پر حیسکو ریجن کے تمام آپریشن سرکل کے مختلف علاقوں میں حیسکو کی خصوصی ٹیموں کی مددسے کاروائیاں جاری ہیں، اس سلسلے میں وفاقی، صوبائی اور نجی صارفین پر 53ارب 79کروڑ 60لاکھ روپے سے زائد کے واجبات کی عدم ادائیگی پر سرکاری اداروں اور نجی صارفین کے 8580بجلی کے کنکشن منقطع کردیئے گئے ہیں، سرکاری اداروں کے 4050بجلی کے کنکشن اور نجی صارفین کے 4530نجی صارفین کے کنکشن منقطع کئے گئے جس میں حیدرآباد، ٹنڈوالہیار، میرپورخاص، ٹنڈو محمد خان ، بدین ، ٹھٹھہ ، سانگھڑ،ماتلی ، نوابشاہ ، دوڑ، ٹنڈو آدم، سعید آباد، مٹیاری ، سیڈا، اسکارپ ، ایریگیشن ، تعلیم ، صحت، ہائی وے ، بلڈنگ و دیگرکنکشن شامل ہیں، مزید برآں شہید عمید علی سب ڈویژن میں کاروائی کے دوران 40بجلی کے کنکشن منقطع کئے گئے اور 2بجلی چوروں کو گرفتار بھی کیا گیا، اس کے علاوہ 60 کروڑ 20 لاکھ سے زائد روپے کی ریکوری بھی کی گئی ہے، واضح رہے کہ وفاقی اداروں کے 1995کنکشن پر 1ارب95 کروڑ26 لاکھ کے واجبات ہیں اور صوبائی حکومت کے اداروں کے 14089بجلی کے کنکشن پر 31ارب 55کروڑ37لاکھ روپے کے واجبات ہیں جبکہ نجی صارفین پر 20ارب 28کروڑ 97لاکھ روپے کے واجبات ہیں۔