وزیر اعظم کی زیر صدار ت اعلیٰ سطحی اجلاس ، وزیر دفاع کی سربراہی میں وفد (آج)سعودی عرب بھیجنے کا فیصلہ،

وفد سعودی دفاعی حکام سے ملاقاتیں کرکے یمن میں پیدا صورتحال اور سعودی عرب کی سلامتی یقینی بنانے کیلئے فوجی تعاون کی فراہمی پر بات چیت کریگا

پیر 30 مارچ 2015 21:21

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء ) وزیر اعظم نوازشریف کی زیر صدار ت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں فیصلہ کیاگیا ہے کہ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی سربراہی میں پاکستانی وفد (آج) منگل کو ایک روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہوگاا ور وہ وہاں سعودی دفاعی حکام سے ملاقات کرے گا، پیر کو وزیراعظم میاں نواز شریف کی زیر صدارت یمن کی صورتحال پر اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف ، اسحق ڈار ، مشیر خارجہ سرتاج عزیز ، آرمی چیف جنرل راحیل شریف ، ایئرچیف مارشل سہیل امان سمیت دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی ۔

اجلاس میں مشرق وسطیٰ اور یمن کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور وزیراعظم نے اجلاس کے شرکاء کو سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ہونیوالی ٹیلی فونک رابطے پر اعتماد میں لیا اور فیصلہ کیا کہ پاکستانی وفد وزیر دفاع خواجہ آصف کی قیادت میں (آج) منگل کو سعودی عرب روانہ ہوگا جس میں تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران بھی شامل ہوں گے ۔

(جاری ہے)

وفد سعودی عرب کے دفاعی حکام سے ملاقات کرکے مشرق وسطیٰ کی صورتحال کا جائزہ لے گا ۔ پاکستانی وفد وزیر دفاع کی قیادت میں اسلام آباد سے ریاض جائے گا اور سعودی وزیر دفاع کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام سے وفد کی ملاقاتیں ہوں گی جس میں یمن میں پیدا ہونیوالی صورتحال کا ناصرف تفصیلی جائزہ لیا جائے گا بلکہ پاکستان کی طرف سے سعودی عرب کی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن فوجی تعاون کے امو رپر بات چیت کی جائے گی ، وفد ایک رات ریاض میں قیام کے بعد دوسرے دن وطن واپس آجائے گا ۔

متعلقہ عنوان :