حکومت مسیحی برادری کی خوشیوں اور دکھ درد میں برابر کی شریک ہے ، ضلعی سطح پر بھی مسیحی کمیونٹی مقامی مسائل کے حل میں انتظامیہ کی بھر پور معاونت کرتی ہے، حکومت انکو درپیش مسائل کے حل کو ہمیشہ ترجیح دیتی ہے،

وزیر مملکت قومی صحت سائرہ افضل تارڑ کا مسیحی خاندانوں میں کرسمس گرانٹ کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

پیر 30 مارچ 2015 20:57

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء) وزیر مملکت برائے قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب مسیحی برادری کی خوشیوں اور دکھ درد میں برابر کی شریک ہے اور ملکی تعمیر و ترقی،بین المذاہب ،بھائی چارے اور امن وا مان کے سلسلہ میں مسیحی برادری کی خدمات اور مثبت کردار کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ضلعی سطح پر بھی مسیحی کمیونٹی مقامی مسائل کے حل میں انتظامیہ کی بھر پور معاونت کرتی ہے اور حکومت انکو درپیش مسائل کے حل کو ہمیشہ ترجیح دیتی ہے ۔

اُنہوں نے ان خیالات کا اظہار 35مسیحی خاندانوں میں کرسمس گرانٹ کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈی سی او محمد عثمان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری بھی جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہے اور حکومت پنجاب کی جانب سے کرسمس گرانٹ کی مد میں فی خاندان 5ہزار کی امداد مسیحی برادری کے لیے ایک تحفہ ہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈم سائرہ افضل تارڑ ،ڈی سی او محمد عثمان اور ڈی او کوارڈ شاہد اسماعیل مرزا نے چیک تقسیم کیئے۔سہیل انور سہوترا اور ماسٹر جوزف نے مسیحی برادری کی نمائندگی کرتے ہوئے گرانٹ کی فراہمی پر میڈم سائرہ افضل تارڑ اور ڈی سی او کا شکریہ ادا کیا اور ضلعی امن و امان کے حوالہ سے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :