نئی نسل کو نظریہ پاکستان سے روشناس کرانا وقت کا تقاضا ہے، بہترین تعلیم کے ساتھ اخلاقی تربیت سے ہی قوم کے مستقبل کو سنوارا جاسکتا ہے ، جدید تعلیم کے حصول سے ہی ہم جدید دور کے چیلنجز کا مقابلہ کر سکتے ہیں ،

ڈاکٹر مرتضیٰ مغل، علامہ امیر عثمان اور ملک شجاع الرحمٰن کا اوجِ کمال ٹیلنٹ ایوارڈ تقریب سے خطاب

پیر 30 مارچ 2015 20:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء ) صدر نظریہ پاکستان سنٹرو پاکستان اکانومی واچ ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہاہے کہ پاکستان ایک نظریے کی بنیاد پر حاصل کیا گیا جس کی خاطر ایک طویل جدوجہد کی گئی۔ برصغیر پاک وہند کے مسلمانوں نے اس نظریے کی خاطر اپنی جان، مال اور سب کچھ قربان کر دیا۔ اور دنیا کی تاریخ کی سب سے بڑی ہجرت کی۔ دی لیڈرشپ سکولز بھارہ کہو کیمپس کے زیر اہتمام منعقدہ اوجِ کمال ٹیلنٹ ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا کہ نظریہ پاکستان دراصل نظریہ قرآن ہے اور قرآنی تعلیمات کو پس پشت ڈال کر ہم پاکستان کے قیام کے مقاصد کو حاصل نہیں کر سکتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی ادارے بچوں کو جدید تعلیم کے ساتھ اخلاقی اقداراور قیام پاکستان کے اغراض و مقاصد سے آگاہی ضرور دیں۔

(جاری ہے)

اسلام اور پاکستان سے محبت ہی ہمارا اصل سرمایہ ہے اور اس سرمائے کو نئی نسل تک منتقل کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ تقریب سے معروف دینی سکالر علامہ امیر عثمان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے مسائل کا اگر جائزہ لیا جائیں تو معلوم ہوتا ہے کہ پاکستان کو نقصان جدید تعلیم یافتہ لوگوں نے پہنچائی ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ جدید تعلیم اگر اخلاقی اقدار سے عاری ہو تومسائل میں میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔

اسلئے بہترین تعلیم کے ساتھ ساتھ نسلِ نو کی اخلاقی تربیت وقت کا تقاضا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کو اپنے اسلاف کے کارناموں سے بھی آگاہ کرنا ضروری ہے جس سے ان کے اندر آگے بڑھنے کا شوق اور حوصلہ پیدا ہوگا۔ اسلام آباد کے سیاسی اور سماجی شخصیت ملک شجاع الرحمٰن نے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ کہ اگر چہ ماضی میں ملک مسائل و مشکلات کا شکار رہا لیکن اب ملکی حالات بہتری کی طرف گامزن ہے۔

قومی ادارے اور عوام مل کر روشن مستقبل کی طرف اپنے سفر کا آغاز کر چکے ہیں۔ اور وہ وقت دور نہیں کی پاکستان اقوامِ عالم کے صف میں ایک ذمہ دار اور قابل فخر قوم کی حیثیت سے موجود ہوگا۔ تقریب میں بچوں نے تقاریر، ملی نغمے اور ٹیبلو پیش کئے۔ جس کو مہمانوں نے خوب سراہا۔ اس موقع پر امتحانات میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ جبکہ نظریہ پاکستان سنٹر کی جانب سے دی لیڈرشپ سکولز کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر عبدالسلام کو ان کے خدمات کے اعتراف میں قائداعظم ایوارڈدیا گیا۔

متعلقہ عنوان :