بیرون ملک مقیم پاکستانی بڑھتے ہوئے قرضوں کے بوجھ کی وجہ سے پریشان ہیں ‘اعجاز وڑائچ

پیر 30 مارچ 2015 20:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء)منہاج القرآن انٹرنیشنل یورپین کونسل کے صدر ڈاکٹر اعجاز احمد وڑائچ نے کہا ہے کہ حکومت کی بیڈ گورننس کی وجہ سے بیرون ملک مقیم پاکستانی شدید پریشانی کا شکار ہیں، ہر پاکستانی اپنے وطن کو امریکہ اور یورپ سے کامیاب دیکھنا چاہتا ہے ، تعلیم ،صحت اور انصاف کی سہولت ہر غریب آدمی کو دہلیز پر پہنچانا ہی طاہر القادری کا ایجنڈا ہے ۔

وہ پیر کو یہاں منہاج القرآن سیکرٹریٹ کے دورہ کے موقع پر ڈائریکٹر فارن افیئرز جی ایم ملک سے گفتگو کر رہے تھے ۔ اعجاز وڑائچ اجتماعی شادیوں کی تقریب میں شرکت کیلئے بطور خاص ہالینڈ سے پاکستان آئے۔اعجاز وڑائچ نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے ۔آج یورپ سمیت دنیا کے ہر ملک میں پاکستان کے انجنیئرز،ڈاکٹرز،سائنس دان اور بزنس کمیونٹی کے لوگ اپنے ہنر کے جوہر دکھا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

پاکستان کے حالات بہتر ہو جائیں تو یہی تجربہ کار اور محب وطن پاکستانی دن رات اپنے ملک اور اپنے لوگوں کی خدمت کیلئے اپنے وطن میں موجود ہوں ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے ہر موقع پر یہ تاثر دیا کہ وہ معیشت کو دیگر جماعتوں کی نسبت بہتر سمجھتے ہیں مگر افسوس 3مرتبہ اقتدار حاصل کرنے کے باوجود پاکستانی کی معیشت بہتر ہونے کی بجائے مزید قرضوں اور سود کی دلدل میں پھنس گئی ہے ۔