کراچی اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی ،سرمایہ کاروں کے 2کھرب روپے سے زائد ڈوب گئے ،

مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس1030.79پوائنٹس کمی سے 28927.04پوائنٹس پر بند ہوا

پیر 30 مارچ 2015 20:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء) کراچی اسٹاک مارکیٹ ہفتے کے آغاز پر بھی شدید مندی کا شکار رہی اورکے ایس ای 100 انڈیکس کی بیک وقت11نفسیاتی حدیں گرگئیں ۔ سرمایہ کاری مالیت میں2کھرب4ارب روپے سے زائد کی کمی ،کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت29.26فیصدزائد جبکہ91.62حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ فروخت کے دباوٴ اورپرافٹ ٹیکنگ کے باعث کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوا ۔

ٹریڈنگ کے دورارن ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 28648پوائنٹس کی نچلی سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا۔تاہم حکومتی مالیاتی اداروں،مقامی بروکریج ہاوٴسز اور دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے توانائی ،بینکنگ اور سیمنٹ سیکٹر میں خریداری کے باعث مارکیٹ میں ریکوری آئی تاہم مندی کا تسلسل سارا دن جاری رہا ۔

(جاری ہے)

اسٹاک تجزیہ کاروں کے مطابق حصص بازار میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے شیئرز کی فروخت کے علاوہ ایس ای سی پی کی طرف سے بروکرز سے کلائنٹس کی تفصیلات طلب کیے جانے کی خبروں کے باعث مارکیٹ میں سرمایاکار محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں ۔

مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس1030.79پوائنٹس کمی سے 28927.04پوائنٹس پر بند ہوا ۔ مجموعی طور پر382کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا ،جن میں سے24کمپنیوں کے حصص کے بھاوٴ میں اضافہ382کمپنیوں کے حصص کے بھاوٴ میں کمی جبکہ8کمپنیوں کے حصص کے بھاوٴ میں استحکام رہا ۔سرمایہ کاری مالیت میں2کھرب 4ارب 6کروڑ25لاکھ6ہزار610روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر 65کھرب9ارب 2کروڑ41لاکھ 87ہزار941روپے ہوگئی ۔

پیرکو مجموعی طور پر کاروباری سرگرمیاں27کروڑ53لاکھ 72ہزار 720شیئرز رہیں جوجمعہ کے مقابلے میں6کروڑ23لاکھ45ہزار190 شیئرززائد ہیں ،قیمتوں کے اتار چڑھاوٴ کے حساب سے مری بریوری کے حصص سرفہرست رہے ،جس کے حصص کی قیمت44.44روپے اضافے سے1031.28روپے اورپاک ٹوبیکو کے حصص کی قیمت42.48روپے اضافے سے892.98روپے ہوگئی ۔نمایاں کمی یونی لیور فوڈز کے حصص میں ریکارڈ کی گئی ،جس کے حصص کی قیمت425.05روپے کمی سے8075.95جبکہ باٹا پاک کے حصص کی قیمت150.00روپے کمی سے3000.00روپے ہوگئی ۔

پیر کوکے الیکٹرک کی سرگرمیاں4کروڑ61لاکھ69ہزار500 شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں ،جس کے شیئرز کی قیمت65پیسے کمی سے6.11روپے جبکہ بینک آف پنجاب کی سرگرمیاں2کروڑ70لاکھ31ہزار500 شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں ،جس کے شیئرز کی قیمت76پیسے کمی سے7.05روپے ہوگئی ۔ کے ایس ای 30انڈیکس697.60پوائنٹس کمی سے 18371.59پوائنٹس ،کے ایم آئی 30انڈیکس2142.39پوائنٹس کمی سے 46931.50جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس1030.79پوائنٹس کمی سے 20894.12پر بند ہوا ۔

متعلقہ عنوان :