پاکستانی اور سعودی افواج کی مشترکہ فوجی مشقوں کا آغاز ہوگیا

پیر 30 مارچ 2015 20:20

پاکستانی اور سعودی افواج کی مشترکہ فوجی مشقوں کا آغاز ہوگیا

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔30مارچ۔2015ء)‬‎ پاکستان اور سعودی عرب کی افواج کی مشترکہ فوجی مشقوں کا آغاز ہو گیا ہے۔ ذرائع سے حاصل ہونے والی اطلاعات کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کی فوج کے درمیان مشترکہ مشقوں کو الصمصم 5 کا نام دیا گیا ہے جس میں پاکستانی فوج کے کمانڈو فورس سپیشل سروسز گروپ ( ایس ایس جی ) اور سعودی رائل فورس مشترکہ طور پر حصہ لے رہے ہیں۔

مشقیں سعودی عرب کے مغربی شہر الباحہ میں جاری ہیں ۔

(جاری ہے)

سعودی افوج کے ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ان مشقوں کا انعقاد پہلے سے ہی طے شدہ تھا اور ان کا آغاز 19 مارچ سے ہوا تھا۔ مشقوں کے انعقاد کا مقصد دونوں ملکوں کی افواج کی جنگی مہارت کو بڑھانا ہے۔ یاد رہے اس سے قبل ایک بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان کی جانب سے اپنی فوج سعودی عرب بھجوانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کی افواج کی مشترکہ فوجی مشقوں کے انعقاد کو بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔