پاکستان اور ترکی کے وزرائے اعظم مل کر سعودی عرب اور یمن میں مصالحت کا راستہ نکالیں ‘سرا ج الحق ،

جنگ بہت بڑی تباہی کا نام ہے ، ہمیں سعودی عرب کی سلامتی عزیز ہے ،حرمین شریفین کی حفاظت کی ذمہ داری پوری امت مسلمہ کی ہے ، حکومت جوڈیشل کمیشن کا قیام اس معاہدے کی تمام شقوں کے مطابق کرے جن پر دونوں فریقین کا اتفاق ہوا تھا ،ایم کیو ایم اپنا مسلح ونگ ختم کرکے ٹارگٹ کلنگ ،بھتہ خوری اور بوری بند لاشوں کے کاروبار میں ملوث کارکنوں کو قانون کے حوالے کردے ‘امیرجماعت اسلامی کا جلسہ عام سے خطاب

پیر 30 مارچ 2015 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے وزرائے اعظم مل کر سعودی عرب اور یمن میں مصالحت کا راستہ نکالیں ،جنگ بہت بڑی تباہی کا نام ہے ، ہمیں سعودی عرب کی سلامتی عزیز ہے ،حرمین شریفین کی حفاظت کی ذمہ داری پوری امت مسلمہ کی ہے ، حجاز مقدس کی حرمت اور ناموس پر دنیا بھر کے مسلمان کٹ مرنے کیلئے تیار ہیں ۔

حکومت جوڈیشل کمیشن کا قیام اس معاہدے کی تمام شقوں کے مطابق کرے جن پر دونوں فریقین کا اتفاق ہوا تھا ،ایم کیو ایم اپنا مسلح ونگ ختم کرکے ٹارگٹ کلنگ ،بھتہ خوری اور بوری بند لاشوں کے کاروبار میں ملوث کارکنوں کو قانون کے حوالے کردے ،کراچی آپریشن سیاسی نہیں کراچی کو جرائم اور دہشت گردی سے پاک کرنے کے مقاصدکیلئے ہونا چاہئے ،30مئی کو خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات کا اعلان کیا گیا ہے ،پنجاب اور سندھ کی حکومتیں بھی بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا جلد اعلان کریں ،پنجاب میں کسانوں کے مطالبات سننے کی بجائے ان پر بدترین تشدد کیا گیا خادم پنجاب سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ کسانوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منڈی بہاولدین میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔جلسہ سے چوہدری ریاض فاروق ساہی نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر ضلعی امیر چوہدری ریاض وڑائچ ،نواز ساہی بھی موجودتھے ۔سراج الحق نے بعد ازاں ریاض فاروق ساہی کے بھتیجے کاشف نواز ساہی کی دعوت ولیمہ میں بھی شرکت کی ۔سراج الحق نے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کا قبلہ سعودی عرب میں ہے ،سعودی عرب عالم اسلام کا روحانی مرکز اور قائد ہے ،جس کی سلامتی کیلئے امت کا ہر فرد فکر مند ہے ،ہم چاہتے ہیں کہ ترکی اور پاکستان مل کر یمن اور سعودی عرب کے درمیان جنگ کے منڈلاتے بادلوں کو ختم کرنے کی کوشش کریں اور عالم اسلام کے خلاف دشمن کی سازشوں کو ناکام بنادیں ،انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے حکمران باصلاحیت ہیں مجھے امید ہے کہ دونوں مل بیٹھ کر اس تنازعہ کا حل نکال سکتے ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان جوڈیشل کمیشن کے قیام پر اتفاق رائے سے عوام کے اندر خوشی اور اطمینان کی لہر دوڑ گئی تھی اوراب حکومت کا فرض ہے کہ وہ بالکل انہی نکات اور معاہدے کی تمام شرائط کے مطابق کمیشن کا قیام عمل میں لائے اور اس سلسلہ میں ابہام کو دور کیا جائے ،سراج الحق نے کہا کہ عوام سیاسی جماعتوں سے اپنے مسائل کے حل کی جو امید یں لگائے بیٹھے ہیں سیاسی جماعتوں کو ان کی طرف توجہ دینی چاہئے۔

سراج الحق نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کا قیام اور جرائم کا خاتمہ قومی ترقی کیلئے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔جرائم کے خلاف کراچی میں جاری آپریشن کو متنازعہ بنانے کی کو شش کی جارہی ہے ،انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن کا مقصد صرف جرائم کا خاتمہ ہونا چاہئے ۔انہوں نے کراچی میں تباہ شدہ انفراسٹریکچر کی بحالی کیلئے حکومت سے کراچی کو پانچ سو بلین کا خصوصی پیکیج دینے کا مطالبہ کیا تاکہ شہریوں کو پانی بجلی اور ٹرانسپورٹ کی سہولتیں مل سکیں ۔

سراج الحق نے کہا کہ پاکستان میں غریبوں پر عرصہ حیات تنگ کردیا گیا ہے ،غربت بے روزگاری تعلیم اور صحت کی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں نظر نہیں آتی ،انہوں نے کہا کہ اگر حکمرانوں نے جھونپٹریوں میں رہنے والوں کے مسائل پر توجہ نہ دی تو یہ غریب محلوں اور بنگلوں میں رہنے والوں کو بھی چین اور سکون سے نہیں رہنے دیں گے اور اگر یہی حالات رہے تو بہت جلد غربت اور بے بسی کے شکار محلوں کا رخ کریں گے ۔

سراج الحق نے لاہور میں کسانوں پر ہونے والے پولیس تشدد اور پکڑ دھکڑ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کے کسانوں اور کاشکاروں کا کوئی پرسان حال نہیں،انہو ں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہر فورم پر کسانوں کے حقوق کے لئے آواز اٹھائے گی ،ہم کسانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور وفاقی و صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کسانوں کے مسائل پر فوری توجہ دی جائے اور ان کے جائز مطالبات کو تسلیم کیا جائے۔