جماعةالدعوة پاکستان کے زیر اہتمام سعودی عرب سے اظہار یکجہتی کیلئے سوموار کو بھی مختلف شہروں میں جلسوں اور کانفرنسوں کا سلسلہ جاری ،

امت مسلمہ کے روحانی مرکزسرزمین حرمین الشریفین کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی مذموم کوششیں مسلمان کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے، سعودی عرب کو غیر مستحکم کرنے کی سازشیں کرکے صلیبیو ں و یہودیوں کے ایجنڈے کو پروان چڑھایا جارہا ہے‘مولانا امیر حمزہ ، سعودی عرب کی جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کیلئے بروقت اور راست اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے‘کارکنا وذمہ داران کے مختلف وفود سے گفتگو

پیر 30 مارچ 2015 20:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء ) جماعةالدعوة پاکستان کے زیر اہتمام سعودی عرب سے اظہار یکجہتی کیلئے سوموار کو بھی مختلف شہروں میں جلسوں اور کانفرنسوں کا سلسلہ جاری رہا۔لاہور، شیخوپورہ، ساہیوال، منڈی بہاؤالدین، جہلم، جھنگ، خانیوال اور کوٹلی میں ہونے والی کانفرنسوں میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔جماعةالدعوة کے مرکزی رہنما مولانا امیر حمزہ نے مرکز القادسیہ چوبرجی میں کارکنان و ذمہ داران کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم امہ حرمین الشریفین کے تحفظ کیلئے کسی قسم کی قربانی دینے سے گریز نہیں کرے گی۔

سعودی عرب کو غیر مستحکم کرنے کی سازشیں کرکے صلیبیو ں و یہودیوں کے ایجنڈے کو پروان چڑھایا جارہا ہے۔ امت مسلمہ کے روحانی مرکزسرزمین حرمین الشریفین کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی مذموم کوششیں مسلمان کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

(جاری ہے)

سعودی عرب کی جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کیلئے بروقت اور راست اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ برادر اسلامی ملک کو مددوتعاون کی ہرممکن یقین دہانی کروانے پرپورا عالم اسلام پاکستان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم اس وقت تک صحیح مسلمان نہیں ہو سکتے جب تک حرمین الشریفین ہمیں اپنی جان و مال سے زیادہ عزیز نہ ہوں۔دشمنان اسلام کی جانب سے میدانوں میں مار کھانے کے بعد جس طرح پاکستان میں تخریب کاری و دہشت گردی کو پروان چڑھایا گیا اسی طرح سعودی عرب بھی اللہ کے دشمنوں کو بہت کھٹکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان نے قوم کی امنگوں کے مطابق سعودی عرب کی حمایت کا جو فیصلہ کیا ہے ہم اس کی بھرپور انداز میں تائید کرتے ہیں۔

جماعةالدعوة کے مرکزی رہنما حافظ عبدالرؤف نے جوہر ٹاؤن میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم سعودی عرب کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت برداشت کرنے کو تیار نہیں ہیں۔سعودی عرب کے حوالہ سے مخالفانہ بیان بازی کرنے والوں کواس مسئلہ کی حساسیت کو سمجھنا چاہئے ۔صر ف ذاتی مفادات اور اندرونی جھگڑوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اختلافات کا کوئی جواز نہیں ہے۔

جماعةالدعوة کے زیر اہتمام مولانا احمد سعید ملتانی نے لاہور، مولانا غلام قادر سبحانی اور حافظ محمد اکرم نے منڈی بہاؤالدین، خالد سیف الاسلام نے ساہیوال، مولانا عبدالعزیزالمدنی، مولانا سیف اللہ ربانی اور مولانا محمد عمر ربانی نے شیخوپورہ، طاہر طیب بھٹوی نے کوٹلی آزاد کشمیر، مولانا محمد یوسف ربانی نے جہلم، مولانا بشیر احمد خاکی نے جھنگ، قاری گلزار احمد نے حافظ آباداور سلیم اعظم بلوچ نے سعودی عرب سے اظہار یکجہتی کے حوالہ سے منعقدہ کانفرنسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر کی سیاسی و مذہبی جماعتوں اور عوام کو چاہئے کہ وہ متحد ہو کر حرمین کے دفاع کے لئے آواز بلند کریں۔

سعودی عرب کی سرزمین پر بیت اللہ اور مسجد نبویﷺ واقع ہیں۔ اس لئے یہ مسلمانوں کے روحانی مرکز ہونے کے ناطے امت مسلمہ کو ہر چیز سے زیادہ عزیز ہے۔ پاستان سمیت پوری مسلم امہ کو اپنے ملکوں سے زیادہ حرمین الشریفین کی فکرکرنی چاہیے اورسب اختلافات ختم کر کے کلمہ طیبہ کی بنیادپر متحدہوکرسعودی عرب کے دفاع کے لئے کردار ادا کرنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :