حکومت کے پاس عوام کی بہبود ،صوبہ کی تعمیر ترقی کیلئے کوئی جامع پلان نہیں،سکندرشیرپاؤ،

خیبر پختونخوا ،قبائیلی علاقہ جات سے تعلق رکھنے والے پختونوں کے شناختی کارڈ بلاک کر دےئے گئے ہیں ،نادرا کا تصدیق کا عمل بھی انتہائی سست ہے، حکمران محض نعروں کے ذریعے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہی ہے،صدر قومی وطن پارٹی خیبرپختونخوا

پیر 30 مارچ 2015 18:49

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندرحیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کے پاس عوام کے بہبود اور صوبہ کی تعمیر ترقی کیلئے کوئی جامع پلان نہیں اورمحض نعروں کے ذریعے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیر کے روزصوبائی اسمبلی کے حلقہ PK-05 میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع مختلف سیاسی جماعتوں کے سرکردہ کارکنوں اور سابقہ کونسلران نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔اجتماع سے قومی وطن پارٹی ضلع پشاور کے چیئرمین ابرار خلیل اور جنرل سیکرٹری سیف اللہ خان نے بھی خطاب کیا۔سکندرشیرپاؤ نے کہا کہ تبدیلی کے دعویداروں نے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے انھیں بدترین بدامنی،توانائی بحران اور ہوشربامہنگائی کی دلدل میں دھکیل دیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے کے وسائل کو بے دریغ ضائع کررہی ہے اور مرکز کے ساتھ صوبے کا کیس موثر انداز میں اٹھانے میں ناکام ہو چکی ہے۔انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ایک مرتبہ پھر صحت کا اتحاد کے نام سے عوام کو دھوکہ دینے کا ایک نیا منصوبہ بنایا ہے جو پچھلے سال کی صحت کا انصاف کے منصوبے کی طرح ناکام ہو گا۔انھوں نے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ اس منصوبے پر کروڑوں روپے ضائع ہونے کے باوجود کچھ حاصل ہونے والا نہیں۔

انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بدترین لوڈشیڈنگ نے کاروبار زندگی کو معطل کرکے رکھ دیا ہے جبکہ ہمارا صوبہ ضرورت سے زیادہ اور سستی بجلی پیدا کررہا ہے۔انھوں نے کہا کہ آئی ڈی پیز کی شرائط پر واپسی قبول نہیں لہٰذا حکومت ان کو باعزت طریقے سے واپس اپنے گھروں کو بھیجے اور ان کی بحالی و آباد کاری کیلئے جامع منصوبہ ترتیب دے۔سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا اور قبائیلی علاقہ جات میں این ایف سی ایوارڈ سے قبل صحیح مردم شماری کی جائے تاکہ صحیح اعداد و شمار سامنے آئے۔

انھوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں موثر انداز میں حصہ لیکر بھرپور قوت کا مظاہرہ کریں گے۔دریں اثناء قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین اور صوبائی اسمبلی میں پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سکندرحیات خان شیرپاؤ نے صوبہ خیبر پختونخوا اور فاٹا میں شناختی کارڈز کی بندش کے حوالے تحریک التویٰ صوبائی اسمبلی کے سیکرٹریٹ میں جمع کرادیا۔ سکندر شیرپاؤ نے تحریک التویٰ میں موقف اختیار کیا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا اور قبائیلی علاقہ جات سے تعلق رکھنے والے پختونوں کے شناختی کارڈ بلاک کر دےئے گئے ہیں اور نادرا کا تصدیق کا عمل بھی انتہائی سست ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس عمل سے ہزاروں پختون متاثر ہوئے ہیں اور خدشہ ہے کہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں اپنے حق رائے دہی سے محروم رہیں گے۔انھوں نے اس اہم قومی مسئلہ پر فوری توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے کو صوبائی اسمبلی کے فورم پر اٹھایا جائے گا۔