عوامی خدمت سے انحراف کرنیوالے افسران کسی رعائیت کے مستحق نہیں ،قیصر سلیم،

سرکاری ذمہ داریوں سے رو گردانی نا قابل معافی ہے ،عوامی خدمت کے سونپے گئے فریضے کو ہر صورت پورا کیا جائیگا،ڈی سی او اوکاڑہ

پیر 30 مارچ 2015 18:49

اوکاڑہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء ) ڈسٹرکٹ کو آرڈنیشن آفیسر قیصر سلیم نے کہا ہے کہ عوامی خدمت سے انحراف کرنے والے افسران کسی بھی رعائیت کے مستحق نہیں سرکاری ذمہ داریوں سے رو گردانی نا قابل معافی ہے ہمیں عوامی خدمت کا جو فریضہ سونپا گیا ہے اس کو ہر صورت میں پورا کیا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل ہیڈ کو آرٹر ہسپتال دیپالپور کا اچانک دورہ کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ڈی سی او نے ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ،ادویات کے سٹور کا بھی معائنہ کیا انہوں نے وارڈز میں داخل مریضوں سے ہسپتال کی جانب سے فراہم کی جانے والی ادویات اور سہولیات سے متعلق دریافت کیا ۔ڈی سی اوقیصر سلیم نے ہسپتال میں صفائی کی ناقص صورتحال پر ایم ایس کی سر زنش کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کے انتظامی معاملات کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ مریضوں کو سروس ڈیلیوری کا بہترین انتظام وضع کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف مقررہ اوقات میں ہسپتال میں نہ صرف موجود رہیں بلکہ وارڈز اور آؤٹ ڈور میں مریضوں کو ہر سطح پر سہولت بہم پہنچانے کیلئے اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے معاملات کا جائزہ لینے کیلئے مستقبل قریب میں بھی ہنگامی دورے کئے جائیں گے۔