پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی جمہوری،جدید فلاحی مملکت بنانے کے لئے مشترکہ کردار ادا کرنا ہو گا، مشتاق احمد غنی،

ملکی جغرافیائی سرحدوں کیساتھ نظریاتی سر حدوں کا تحفظ بھی ناگزیر ہے، عوام کو اب حکومتی خزانہ پر اپنے کاروبار کو وسعت دینیوالے سیاستدانوں سے جان چھڑانی چاہئے، استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب

پیر 30 مارچ 2015 18:26

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ اور اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ ملک کی جغرافیائی سرحدوں کے ساتھ ساتھ نظریاتی سر حدوں کا تحفظ بھی ناگزیر ہے۔ اس وقت ملک لاتعداد مسائل میں گھرا ہوا ہے جس سے نجات حاصل کرنے کے لئے ہم سب کو ملکر مشترکہ کردار اد کرنا ہو گا تاکہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی جمہوری اور جدید فلاحی مملکت بنایا جا سکے۔

یہ بات انہوں نے پیر کے روز استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ پاکستان تھنکرز فورم اور تحریک جوانان پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ کانفرنس سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس وقت ملکی مسائل کی سب سے بڑی وجہ درست قیادت کا فقدان ہے۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ہی واحد لیڈر ہیں جو ملک کو مسائل کے بھنور سے نکالنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔

عوام کو اب حکومتی خزانے پر اپنے کاروبار کو وسعت دینے والے اور ملکی مفاد کے مقابلے میں ذاتی مفاد کو ترجیح دینے والے سیاستدانوں سے جان چھڑانی چاہئے تاکہ تبدیلی کا خواب پورا ہو سکے۔ مشتاق احمد غنی کا کہنا تھا کہ نوجوان اس ملک کا سرمایہ ہیں جنہیں تکمیل پاکستان اور تعمیر پاکستان میں صوبائی حکومت کے ساتھ اپنا تعاون اور مثبت کردار ادا کرنا چاہئے۔

موجودہ صوبائی حکومت نے صوبہ میں بے روزگار اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کو میرٹ پر ملازمتیں فراہم کی ہیں اور کرپشن کا خاتمہ کر کے ایک شفاف نظام کی بنیاد کھی ہے اورصوبہ میں ایک ایسے نظام کی بنیاد رکھ دی ہے جس میں حکومت مکمل طور پر عوام کے سامنے جوابدہ ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس وقت پوری قوم آزمائش کے کٹھن مرحلے سے گزر ررہی ہے، ملکی استحکام کے لئے اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہو گا تاکہ ملک دشمنوں کے عزائم کو خاک میں ملایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی موجوہ اتحادی حکومت نے صوبہ میں یکساں نظام تعلیم کی خاطر سرکاری سکولوں میں انگلش میڈیم کلاسز کا اجراء کیا ہے تاکہ غریب اور امیر کا تصور معاشرے سے ختم کیا جا سکے۔ انہوں نے اس موقع پر کانفرنس کے انعقاد پر انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی نظریاتی تشخص کو اجاگر کرنے اور ملک کی سرحدوں کی حفاظت سے متعلقہ ایسی سرگرمیاں قابل ستائش ہیں۔کانفرنس سے تحریک جوانان پاکستان کے مرکزی چیئرمین محمد عبداللہ گل نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :