افسران مسائل کے سلسلے میں دفاتر پہنچنے والے عوام سے مثالی خوش خلقی کا رویہ اختیار کریں،چیف سیکرٹری سندھ

پیر 30 مارچ 2015 18:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء) چیف سیکریٹری سندھ محمد صدیق میمن نے سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن کے افسران سمیت تمام محکموں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے مسائل کے سلسلے میں دفاتر پہنچنے والے عوام سے مثالی خوش خلقی کا رویہ اختیار کریں اور وفات پانے والے ملازمین کے بچوں کے کوٹے کے سلسلے میں تاخیر کی بجائے بروقت کارروائی عمل میں لائیں۔

انہوں نے کہا کہ زیر التواء معاملات بھی خوش اسلوبی کے ساتھ نمٹائے جائیں ۔ وہ پیر کو اپنے دفتر میں SGA&CD کے افسران سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے سیکریٹری سروسز جمال مصطفی شاہ‘ سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن احمدبخش ناریجو اور سیکریٹری امپلی مینٹیشن / کوآرڈینیشن سید طارق محمود جعفری کو ہدایت کی کہ وہ اپنے شعبوں میں زیر التواء معاملات کو جلد از جلد عملدرآمد کے مراحل سے مربوط کریں۔

(جاری ہے)

محمد صدیق میمن نے واضح کیا کہ اندرون و بیرون سندھ سیکریٹریٹ و دیگر سرکاری دفاتر کی سیکورٹی اور صفائی کے انتظامات کو بہتر بنایاجائے ۔ انہوں نے افسران و ملازمین کو مشورہ دیا کہ وہ خوف خدا اور نیک نیتی کے ساتھ اپنی خدمات انجام دیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ( چیف سیکریٹری ) ساتھیوں پر اعتماد کرتے ہیں اب یہ آپ ( افسران و ملازمین) کی ذمہ داری ہے کہ آپ مایوسی کی نوبت نہ آنے دیں۔ ڈائریکٹر تعلقات عامہ نوخیز انور صدیقی اور ڈپٹی سیکریٹری اسٹاف محمد زمان ناریجو بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :