دنیاکیلئے اپنی اخرت کا نقصان کردینا بے وقوفی ہے ،علامہ محمد الیاس قادری

پیر 30 مارچ 2015 18:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء) امیر اہلسنت بانی دعوت اسلامی علامہ محمد الیاس عطار قادری کہا ہے کہ اللہ عزوجل نے ہمیں اس دنیا میں اپنی عبادت کیلئے بھیجا ہے ۔ہم پر اللہ عزوجل اور اس کے بندوں کے حقوق کی ادائیگی عائد کی گئی ہے ۔اگر ہم شریعت کے مطابق اپنے اہلخانہ کی کفالت کریں تو ثواب کے حق دار بن جائیں گے ۔وہ دعوت اسلامی کے عالمی مدنی مرکزی فیضان میں مدنی مذاکرے کے دوران مختلف سوالات کے جوابات دے رہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ دنیا پانے کیلئے آخرت کا نقصان کرنے والے کو کوئی عقل مند نہیں کہتا ۔اگر دن رات پیسے کمائیں گے تو نیکیاں کمانے کا وقت نہیں نکل سکتا ۔بزرگان دین اسی قدر روزی کماتے جتنی انہیں اور اہلخانہ کو کفالت کرجائے بقیہ وقت نیکیاں کمانے میں مصروف رہتے تھے ۔

(جاری ہے)

اگر بندہ اللہ عزوجل پر بھروسہ کرے تو تمام مسائل حل ہوجائیں گے اللہ عزوجل نے رزق کا ذمہ لیا ہوا ہے ۔

اپنے اہلخانہ کی ضروریات کے مطابق حلال رزق کمائیں ۔مال جمع کرنے کی حرص انسان کو آخرت کی تیاری سے غافل کردیتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ عموماً زیادہ اخراجات کی وجہ سے لوگ تنگی کا شکار ہورہے ہیں لوگوں نے اپنی ضروریات کو آمدنی سے زیادہ بڑھالیا ہے ۔مال زیادہ کمانے کی حرص انسان کو بے ایمانی ،دھوکہ دہی اور جھوٹ جیسی آفتوں میں مبتلا کردیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس رب نے پیدا فرمایا ہے اسے جب تک زندہ رکھنا منظور ہے وہ ہمیں روزی عطافرماتا رہے گا۔یادرکھیں کہ زمین میں چلنے والا کوئی شخص ایسا نہیں جس کی روزی اللہ عزوجل کے ذمہ کرم پر نہ ہو۔اللہ عزوجل سے مانگنے والے بن جائیں اس کے یہاں کوئی کمی نہیں ۔ اپنے غیر ضروری اخراجات کو ختم کردیں ۔امیر اہلسنت نے کہاکہ عالیشان بسترقبر میں ساتھ نہیں جاتا بلکہ سادہ اور سستی چٹائی پر میت کو قبر میں اتارا جاتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :