ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی کی محکمہ سالڈ ویسٹ میں کوئیک ریسپارنس سروس" سسٹم بنانے کی ہدایت

پیر 30 مارچ 2015 17:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء) بلدیاتی مسائل کے حل کیلئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی سید صلاح الدین احمد نے محکمہ سالڈ ویسٹ میں " کوئیک ریسپارنس سروس " سسٹم بنانے کی ہدایت جاری کردی ، اس سسٹم کے تحت مکینوں کو ان کی شکایت پر فوری ریلیف فراہم کیا جائیگا،یہ بات انہوں نے محکمہ سالڈ ویسٹ کے افسران و عملے کے ساتھ میٹنگ میں ہدایت دیتے ہوئے کہی۔

ایڈمنسٹریٹر نے کہا کہ سسٹم سب سے پہلے بلدیہ شرقی میں متعارف کیا جارہا ہے جس کا مقصد عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ صفائی کے نظام کوہنگامی بنیاد پر بہتر کرنے کیلئے اس سسٹم کا قیام عمل میں لایا جانا بہت ضروری ہے جس میں ہر یوسی سے 2 سے3 افراد پر مشتمل ہیلتھ کا عملہ منتخب کرکے 30 سے 40 افراد پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دی جائے گی اور اس کے ساتھ ساتھ مشینری بھی ٹیم کے ساتھ موجود رہے گی یہ ٹیم الرٹ رہے گی اور عوام کی شکایت موصول ہونے پر فوری روانہ ہو کر عوام کو بروقت میونسپل سروسز کی فراہمی یقینی بنائے گی جبکہ روزمرہ کی صفائی ستھرائی کے امور معمول کے مطابق انجام ہوتے رہیں گے ۔

(جاری ہے)

مزید براں ایڈمنسٹریٹر نے محکمہ میونسپل ریگولیشن کے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ دکانداروں کو تنبیہ کریں کہ وہ کچرا باہر نہ پھینکیں اور دکان کے باہر ڈسٹ بن رکھیں بصورت دیگر کاروائی کی جائیگی، اس کے ساتھ ساتھ عوامی نمائندگان کے ہمراہ لوگوں میں آگاہی کیلئے گھر گھر جا کر کچرے کے پھیلاوٴ کے خلاف آگاہ کیا جائے تاکہ شہر بھر میں صفائی و ستھرائی کی موجودہ صورتحال میں بہتری آ ئے اور عوام کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول میسر آسکے ۔اس موقع پر سپریٹینڈنگ انجینئر فضل محمود گل ، ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ نفیس احمد خان اور دیگر افسران و انسپیکٹرز اور سب انسپیکٹرز موجود تھے ۔