پنجاب کے ٹیچنگ ہسپتالوں میں مرحلہ وارمنہ اور جبڑے کے علاج کے شعبے قائم کئے جائیں گے۔ خواجہ سلمان رفیق

پیر 30 مارچ 2015 16:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء) مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ صوبے کے ٹیچنگ ہسپتالوں میں منہ اور جبڑے کی بیماریوں(Oral & Maxillofacil)کے علاج کے لیے مرحلہ وار خصوصی شعبہ جات قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جن ہسپتالوں میں ڈینٹل سرجری کے شعبہ پہلے ہی کام کررہے ہیں انہیں ترجیح دی جائے گی۔انہوں نے یہ بات آج میو ہسپتال میں یونائیڈ نیشن ہائی کمشنر برائے مہاجرین کے خصوصی فنڈ سے منہ اور جبڑے کے شعبہ کی تزئن وآرائش اور اپ گریڈیشن شروع کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا-کمشنر افغان مہاجرین چوہدری ریاض احمد، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز، پروفیسر ریاض وڑائچ، ایم ایس ڈاکٹر امجد شہزاد ، ڈاکٹر نبیلہ اور متعلقہ شعبہ کے دیگر ڈاکٹرز میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

کمشنر افغان مہاجرین چوہدری ریاض نے بتایا کہ UNHCRکے خصوصی فنڈز سے 30ملین روپے میو ہسپتال کے منہ اور جبڑا وارڈ کی عمارت کیRenovationکی جائے گی اور نئے طبی آلات بھی مہیا کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کاادارہ مزید فنڈز بھی فراہم کرے گا۔ قبل ازیں Oral & Maxillofacil Deptt کے انچارج پروفیسر ریاض وڑائچ نے بتایا کہ میو ہسپتال واحد ادارہ ہے جہاں منہ جبڑے کے کینسر ، حادثات اور بم دھماکوں میں زخمی افراد کے جبڑوں کی سرجری کی جاتی ہے۔

ا نہوں نے کہا کہ نامساعدحالات کے باوجود میو ہسپتال کا یہ شعبہ اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے جہاں ملک بھرکے علاوہ افغانستان سے بھی مریض لائے جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک اس شعبہ نے 168سپیشلسٹ ڈاکٹرز تیار کئے ہیں جو پاکستان کے علاوہ بیرونی ممالک میں بھی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ کمشنر افغان مہاجرین چوہدری ریاض نے مزید کہا کہ میو ہسپتال کے منہ و جبڑا وارڈ کی اپ گریڈیشن کا کام اچھی شہرت کی حامل غیرسرکاری تنظیم Courage Developmentفاؤنڈیشن کے ذریعے کروایاجائے گا۔

مزید برآں میو ہسپتال کے ایم ایس کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے جوترقیاتی کاموں کی نگرانی کرے گی۔ چوہدری ریاض نے مزید کہا کہ افغان مہاجرین کا ادارہ مزید فنڈز بھی فراہم کرے گا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ صحت کا شعبہ بہت وسیع ہے اور حکومت تمام کوششوں کے باوجود انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ پارٹنرز اور مخیر حضرات کے تعاون کے بغیر تمام ضروریات پوری نہیں کرسکتی۔

ا نہوں نے ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویزاور پروفیسر ریاض وڑائچ سے کہا کہ وہ آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں منہ اور جبڑے کی بیماریوں کے علاج کے لیے صوبہ کے دیگر ہسپتالوں میں پراجیکٹ شروع کرنے کے لیے فوری طور پر سفارشات تیار کرکے محکمہ صحت کو بھجوائیں تاکہ بجٹ کی تیاری کے موقع پر مذکورہ سکیموں کو بھی شامل کیاجاسکے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ میو ہسپتال کے اس مخصوص شعبہ پر کام کا بوجھ بہت زیادہ ہے جسے دیگر ہسپتالوں میں تقسیم کرنے کی ضرورت ہے۔

تقریب سے ڈاکٹر زاہد پرویز نے بھی خطاب کیا۔ ڈی جی ہیلتھ کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں سرکاری ہسپتالوں کے اندر منہ اور جبڑے کی سرجری کے شعبہ کے قیام کی ضرورت بہت بڑ ھ گئی۔ا نہوں نے اس حوالے سے میو ہسپتال میں منہ اور جبڑے کے شعبہ کے قیام اور اس میں پیش آنے والی مشکلات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

متعلقہ عنوان :