قوم دہشت گردی کے معاملے پر متحد ہے،چوہدری محمد برجیس طاہر

پیر 30 مارچ 2015 16:47

صفدرآباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء)گورنر گلگگت بلتستان/ وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نہ پیٹھ دکھائیں گے اور نہ ہی ہار مانیں گے۔ دوسروں کی جنگوں میں کودنے کا صلہ ہمیں دہشت گردی جیسی لعنت کی صورت میں ملا لیکن اب اس بات میں کوئی ابہام نہیں رہا کہ کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اب ہماری جنگ بن چکی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صفدرآبادکے نواحی گاؤں میلی برجی میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ وہ وادی تیراہ میں شہید ہونے والے فوجی جوان محمد وسیم افضل کی قبر پر پھول چڑھانے کے علاوہ فاتحہ خوانی کر رہے تھے۔ بعد ازاں انہوں نے محمد وسیم کے والدین سے بھی ملاقات کی اور دعا کی۔

(جاری ہے)

میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ کل تک جو قوم دہشت گردی کے معاملے پر ایک دوراہے پر کھڑی تھی آج وہ ایک جان ہے اور سمجھتی ہے کہ یہ جنگ اب ہماری جنگ ہے ۔

گورنر/وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے نہ صرف پر عزم ہے بلکہ حکومت اور فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ پاکستانی فوج، حکومت اور قوم آخری دہشت گرد کے خاتمے تک ان کا تعاقب جاری رکھے گی۔ گورنر نے کہا کہ بلوچستان میں امن، کراچی میں جرائم کی شرح میں کمی اور دہشت گردوں کی پیٹھ میں کامیاب حملے موجودہ حکومت کی مدبرانہ سوچ اور اور پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ گورنر نے شہید ہونے والے نوجوان کے والدین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس قوم کے بچوں اور جوانوں کے قاتلوں کو واصل جہنم کیے بغیر چین سے نہیں بیٹھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور یہ ملک جلد خوشیوں کا گہوارہ بن جائے گا۔