Live Updates

عمران خان اور عارف علوی کو نااہل قرار دینے کے لئے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر

پیر 30 مارچ 2015 16:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور رہنما عارف علوی کو نااہل قرار دینے کے لئے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔ ایڈووکیٹ رانا فیض الحسن کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسلام آباد میں دھرنے کے دوران پی ٹی وی پر حملے سے متعلق عمران خان اور عارف علوی کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک منظر عام پر آنے کے بعد ثابت ہوگیا ہے کہ عمران خان اور تحریک انصاف کے دیگر رہنما بدامنی پھیلانے میں ملوث رہے ہیں جو کہ آئین کی خلاف ورزی ہے۔

اس لئے عدالت عظمیٰ سے استدعا ہے کہ دونوں رہنماوٴں کو نااہل قرار دیا جائے اور عمران خان کے خلاف بدامنی پھیلانے سے متعلق کارروائی کی جائے۔واضح رہے کہ چند روز قبل دونوں رہنماوٴں کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو منظرعام پر آئی تھی جس میں عارف علوی نے عمران خان کو فون کے ذریعے پی ٹی وی کی نشریات بند ہونے سے متعلق آگاہ کیا جس پر تحریک انصاف کے چیرمین نے خوشی کا اظہار کیا تھا۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ دونوں افراد دھرنے کے دوران ملک بلخصوص وفاقی دارالحکومت میں بدامنی پھیلانے کے مرتکب ہوئے ہیں، دونوں افراد کی آڈیو ٹیپ منظر عام پر آنے کے بعد ان کی بات چیت کا جائزہ لیا جائے۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سوشل میڈیا اور مختلف ٹی وی چینلز پر پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور پارٹی رہنما عارف علوی کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو ملک بھر میں موضوع گفتگو بنی رہی، جس میں عمران خان نے پی ٹی وی کی عمارت پر حملے کی حمایت کی۔ جب کہ مختلف حربوں سے حکومت اور وزیراعظم پر استعفیٰ دینے کیلئے دباوٴ بڑھانے سے متعلق بھی گفتگو شامل ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :